ریاست میں اے آئی کے تربیتی مراکز کا منصوبہ : وزیر آئی ٹی سریدھر بابو
حیدرآباد۔7۔فروری(سیاست نیوز) مصنوعی ذہانت پر چوٹی کانفرنس کا انعقاد ماہ جون میں شہر حیدرآباد میں ہوگا۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر ڈی سریدھر بابو نے یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹلیجنس کے دور میں ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت میں منعقد ہونے والے اس سمٹ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا بھر کی سرکردہ کمپنیوں کی جانب سے حیدرآباد کی ماحولیات اور انفارمیشن ٹکنالوجی کی صنعت میں ترقی کس قدر تیز رفتار ہے۔ مسٹر ڈی سریدھربابو نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اسکل یونیورسٹی کے قیام کی منصوبہ بندی کے اعلان کے ساتھ ہی ملک کی سرکردہ کمپنیاں و ادارہ جات بالخصوص آئی ایس بی ‘ ٹاٹا گروپ ‘ مہندرا گروپ کے علاوہ دیگر نے اس سلسلہ میں دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاستکی مواضعات میں بھی اسکل سنٹرس کے قیام میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرنا شروع کردیا ہے۔ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں انفارمیشن ٹکنالوجی کی صنعت کو فروغ دینے کے علاوہ نوجوانوں کو آئی ٹی صنعت میں ہنرمند بنانے کے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے تاکہ انہیں روزگارکی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے ریاست میں مصنوعی ذہانت کی تربیت کے مراکز کے قیام کے سلسلہ میں بھی منصوبہ تیار کیا ہے اور آئندہ بجٹ میں بھی جو کہ 8 فروری سے شروع ہونے جا رہاہے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے ساتھ ساتھ عصری آرٹیفیشل انٹلیجنس پر بھی خصوصی توجہ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جو کہ ریاست کی ترقی کے علاوہ نوجوانوں کو عصری علوم سے ہم آہنگ کیا جاسکے گا۔3