شہر میں وائرل بخار کے کیسیس میں اضافہ

   

فیور ہاسپٹل میں روزانہ 800 تا 900 مریض علاج کیلئے پہنچ رہے ہیں

حیدرآباد۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) متواتر بارش اور درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کی وجہ گزشتہ دو ہفتوں سے اضلاع حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل، ملکاجگیری میں وائرل بخار کے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے۔ مانسون کی آمد سے ہی شہر میں ڈینگو کے کیسیس میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مریض وائرل بخار کی مختلف علامات کے ساتھ بھی بڑی تعداد میں فیور ہاسپٹل، عثمانیہ جنرل ہاسپٹل، گاندھی ہاسپٹل، کے آؤٹ پیشنٹ ونگس اور شہر اور اطراف کے اضلاع میں خانگی نرسنگ ہومس اور کلینکس سے رجوع ہو رہے ہیں۔ بخار کے زیادہ تر کیسیس آلودہ پانی اور غذا کے استعمال سے متعلق ہیں جو بیکٹیریا اور فنگی سے آلودہ ہوتے ہیں جس کی وجہ ٹائیفائیڈ، پیچش، یرقان جیسی بیماریاں ہو رہی ہیں۔ شدید بارش، بالخصوص نشیبی علاقوں اور مسلم بستیوں میں بارش سے ان علاقوں میں رہنے والے لوگ پانی کے استعمال سے بیکٹیریا کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جس سے اس طرح کے بیکٹیریائی اور وائرل بخار کے کیسیس میں اضافہ ہوتا ہے، محکمہ صحت کے سینئر عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ فیور ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کے شنکر نے کہا کہ ’’اسی لئے ہم لوگوں کو یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاط کریں اور گرم غذا کا استعمال کریں اور ٹریٹڈ پانی استعمال کریں۔ گزشتہ ماہ ہمارے یہاں تقریباً 95 ڈینگو سے متاثرہ مریض علاج کے لئے رجوع ہوئے تھے لیکن اس ماہ اب تک 50 کیسیس آئے ہیں۔ آؤٹ پیشنٹ مریضوں کے روزانہ اوسط میں بہت زیادہ 800 تا 900 تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ سینئر ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ اکٹوبر تک ٹائیفائیڈ و دیگر وائرل بخار، بیکٹیریائی بیماریوں اور بخار جاری رہنے کا زیادہ امکان ہے۔ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جی ناگیندر نے کہا کہ حیدرآباد میں موسمی امراض کا انحصار مانسون سرگرمیوں پر ہوتا ہے جو اکٹوبر تک جاری رہتی ہیں۔ لوگوں کو چوکس اور چوکنا رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئے اور پانی کو ٹریٹ کرکے استعمال کرنا اور باسی غذا کھانے سے گریز کرتے ہوئے اس طرح کے امراض سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ سینئر ڈسٹرکٹ ہیلت آفیسرس نے کہا کہ فی الوقت عثمانیہ جنرل ہاسپٹل، گاندھی ہاسپٹل اور فیور ہاسپٹل میں آؤٹ پیشنٹ ونگس پر مریضوں کی جو تعداد رجوع ہو رہی ہے۔ ان کا علاج کیا جارہا ہے اور ایسے میں سرکاری دواخانوں میں ایوننگ کلینکس منعقد کرنا ضروری نہیں ہے۔