شہر میں ڈرون پورٹ کا قیام ، نوجوانوں کو ڈرون پائیلٹ کی تربیت

   

چیف منسٹر کی موجودگی میں حکومت اور نیشنل ریموٹ سینسنگ سنٹر میں معاہدہ
حیدرآباد۔7۔فروری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں ڈرون پورٹ قائم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے اور مختلف شعبوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے نوجوانوں کو ڈرون پائیلٹ کی تربیت فراہم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جائیں گے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی موجودگی میں تلنگانہ ایویشن اکیڈیمی نے نیشنل ریمورٹ سینسنگ سنٹر کے درمیان آج ڈرون پائیلٹ کی اڈوانسڈ تربیت کے سلسلہ میں معاہدہ کیا گیا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی موجودگی میں کئے گئے اس معاہدہ کے بعد تلنگانہ ایویشن اکیڈیمی انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے ادارہ این آر ایس سی کے ذریعہ ڈرون پائیلٹ کی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ایویشن اکیڈیمی مسٹر ایس این ریڈی اور این آر ایس سی کے ڈائریکٹر مسٹر پرکاش چوہان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی موجودگی میں اس معاہدہ پر دستخط کئے ۔ معاہدہ پر دستخط کے وقت چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیرمسٹر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے علاوہ صدرنشین اسرو مسٹر ایس سومناتھ موجود تھے ۔ اس کے علاوہ چیف سیکریٹری محترمہ سانتھی کماری ‘ سیکریٹری محکمہ عمارات و شوارع مسٹر سرینواسن راجو‘ اور ایس آر ایس سی کے عہدیدارموجود تھے۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج اسرو کے سائنسدانوں اور این آر ایس سی کے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس کے متعلق تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ عہدیدارو ںنے اور سائنسدانوں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ اس مرکز کے ذریعہ ڈرون ڈاٹا کی تربیت ‘ میاپنگ وغیرہ کے علوم سے واقفیت کروائی جاسکتی ہے۔ 15 روزہ تربیتی پروگرام کے ذریعہ ڈرون اڑانے اور ان کے امور کی نگرانی کے متعلق مختلف پروگرامس کی تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ مختلف شعبوں میں ڈرون کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہاہے۔ زرعی شعبہ کے علاوہ دیگر شعبہ جات بالخصوص محکمہ مال میں بھی ڈرون کے استعمال کی تربیت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جانے ہیں۔ صدرنشین اسرو مسٹر ایم سومناتھ نے بتایا حکومت تلنگانہ کی جانب سے ڈرون تربیت کی فراہمی ایک اختراعی قدم ہے جس کی سراہنا کی جانی چاہئے ۔انہوں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اس سلسلہ میں اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جو مدد فراہم کی جا رہی ہے وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔انہو ںنے تلنگانہ ایویشن اکیڈیمی کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی مختلف اکیڈیمیوں میں 12مرتبہ بہترین اکیڈیمی کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ اس موقع پر موجود عہدیدارو ںنے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ ڈرون پائیلٹ ٹریننگ کے مرکز کے لئے اراضی مختص کرنے کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔چیف منسٹر نے استفسار کیا کہ ڈرون پورٹ کے قیام کے لئے کتنی اراضی درکار ہے جس پر عہدیدارو ںنے انہیں بتایا کہ اس کے لئے 20ایکڑ اراضی کافی ہوجائے گی ۔ چیف منسٹر نے فارما سٹی کے قریب ڈرون پورٹ کے لئے جگہ کی فراہمی کے اقدامات کا جائزہ لینے کی عہدیدارو ںکو ہدایت دی۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس موقع پر ورنگل ائیر پورٹ کو کاکرد بنانے کے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس ائیرپورٹ پر موجود رن ویز کو قابل استعمال بنانے کے علاوہ اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے اقدامات کی تاکید کی۔3