حیدرآباد۔20۔مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے معروف تاجر و سرکردہ شخصیت جناب عبدالمنعیم حاجی میاں سیٹھ ولد جناب چاند میاں سیٹھ کی نماز جنازہ سہ پہر 3 بجے جامع مسجد مالاکنٹہ معظم جاہی مارکٹ میں ادا کی گئی جبکہ تدفین درگاہ حضرت میراں حسینی بغدادی ؒ لنگر حوض سے متصل قبرستان میں عمل میں آئی ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں جناب حاجی میاں سیٹھ کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی دواخانہ اور ان کے مکان پر بڑی تعداد میں لوگوں کا ہجوم پہنچ گیا ۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والی اہم شخصیات میں قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی ‘سابق ریاستی وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی ‘ ارکان اسمبلی مجلس جناب میر ذوالفقار علی ‘ جناب کوثر محی الدین ‘ جناب جعفر حسین معراج‘ جناب محمد مبین ‘ کے علاوہ رکن قانون ساز کونسل جناب مرزا رحمت بیگ کے علاوہ صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی ‘ مولانا سیدغلام شاہ افضل بیابانی صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی و سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ افضل بیابانی قاضی پیٹ‘سابق صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان ‘ جناب محمدسمیع الرحمن ڈائریکٹر آر آر گروپ‘ جناب محمد عبدالمجید منیجنگ ڈائریکٹر پستہ ہاؤز‘جناب احمد عالم خان کے علاوہ دیگر کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ اور 4 فرزندان جناب شمیم سیٹھ‘ جناب وسیم سیٹھ ‘ جناب حطیم سیٹھ ‘جناب ملتزم سیٹھ‘ کے علاوہ 2 دختران موجود ہیں۔ مزید تفصیلات کے لئے فون نمبر 8978480050پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔