شہر کے متعدد علاقوں میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ

   

حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( این ایس ایس ) کورونا وائرس کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے ایک حصہ کے طور پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی ٹیموں نے آج بھی شہر کے مختلف حصوں کو صاف ستھرا بنانے کے لئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا۔ جی ایچ ایم سی کے شعبہ انسداد متعدی امراض کی 125 یونٹس 2,375 ارکان پر مشتمل اسٹاف کے ساتھ متحرک ہوگئے اور قرنطینہ کے تمام مراکز اور اطراف کے علاقوں ، طبی مراکز کو صاف ستھرا بنانے کے لئے جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا۔ بالخصوص ایسے مقامات پر جہاں کورونا وائرس کے مثبت کیسیس پائے گئے تھے احتیاطی اقدامات کے طور پر متعدد مرتبہ ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ اسٹاف نے 1000 پاور اسپرئیرس اور 63 وی ایم ایف اسپریئرس کے ساتھ روزانہ 15 کیلو میٹر علاقہ کا احاطہ کیا جارہا ہے۔ متاثرہ علاقوں کا احاطہ کرنے کیلئے305 قابل منتقلی اسپریئرس کا استعمال کررہے ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی یہ ٹیمیں 27 مارچ تا یکم اپریل سوڈیم ہائیڈروکلورائیڈ کا استعمال کرچکی ہیں۔