حیدرآباد 21 جنوری ( سیاست نیوز ) شہزادہ میر محمد عظمت علی خان عظمت جاہ بہادر کو حیدرآباد کا نواں نظام مقرر کردیا گیا ہے ۔ والاشان عظمت جاہ بہادر کے دفتر سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آصف ثامن نواب میر برکت علی خان والاشان مکرم جاہ بہادر کی خواہش اور ان کی حیات میں ہی جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق پرنس مکرم جاہ بہادر کے جانشین کے طور پر نواب میر عظمت علی خاں عظمت جاہ بہادر کو مقرر کردیا گیا تھا ۔ 20 جنوری جمعہ کو چو محلہ پیالیس میں رات 8.30 بجے منعقدہ ایک تقریب میں دعائیہ اجتماع کے بعد ایک سادہ سی تقریب منعقد ہوئی جس میں شہزادہ عظمت جاہ بہادر کو مکرم جاہ کا جانشین مقرر کردیا گیا ہے اور ان کی تخت نشینی عمل میں آئی ۔ اس موقع پر آصف ثامن کے افراد خاندان ‘ ٹسرٹیز ‘ قریبی دوست ‘ بہی خواہ اور عملہ کے ارکان موجود تھے جنہوں نے اس تقرر کو تسلیم کیا ۔