شیشہ و تیشہ

   

Ferty9 Clinic

سکندر حیات گڑبڑؔ
فصلِ بہار …!!
شادی تو چار کرچکا فصلِ بہار میں
گزرا نہ ایک دن بھی مگر اپنا پیار میں
میں تو مشاعروں میں رہا اور بیویاں
دو آرزو میں مرگئیں دو انتظار میں
…………………………
دلاور فگار
یہ بمبئی ہے …!!
وسکی و سولن کا آبائی وطن ہے بمبئی
لندن و پیرس کی سوتیلی بہن ہے بمبئی
مختلف دولہے ہیں جس کے وہ دلہن ہے بمبئی
فلم و علم و عشق کی ایک انجمن ہے بمبئی
بمبئی جس نے بسایا وہ بڑا اُستاد تھا
ورلڈ کا جغرافیہ اُس کو زبانی یاد تھا
بمبئی میں عشق فرمانا بہت آسان ہے
اس تجارت میں منافع کا بہت امکان ہے
عشق والوں کا یہاں میدان ہی میدان ہے
بمبئی کا بچہ بچہ ماہر رومان ہے
دید اول وصل کا پیغام ہوتی ہے یہاں
حسن کی دوشیزگی نیلام ہوتی ہے یہاں
تاجرانہ عشق یاں کا خاص ایٹی کیٹ ہے
یاں اگر عاشق ہے موٹا عشق میں بھی ویٹ ہے
یاں سبھی بھوکے ہیں لیکن اپنا اپنا پیٹ ہے
اپنا اپنا مارکیٹ ہے، اپنا اپنا ریٹ ہے
شیخ جی بکتے رہیں، ایسا ہے ویسا ہے خدا
بمبئی والے یہ فرماتے ہیں پیسہ ہے خدا
عشق کے میداں میںیاں گھوڑے بھی ہیں سائیس بھی
عقل کی محفل میں یاں جبریل بھی ابلیس بھی
حسن کے بازار میں یاں تھان بھی کٹ پیس بھی
چار سو بیسیوں کے لیڈر آٹھ سو چالیس بھی
کیا بتاؤں میں تمہیں اس شہر کا جغرافیہ
بمبئی ہے اک غزل گڑ بڑ ہے جس کا قافیہ
…جاری ہے
…………………………
…خبر پہ شوشہ …
’’جعلی صحافی ‘‘
٭ زندگی کے ہر شعبہ میں دھوکہ یا جعلی شناخت کے ذریعہ ٹھگنا وغیرہ اب عام ہوگیا ہے۔ تو بھلا شعبۂ صحافت کیوں کر پیچھے رہتا۔ ایک تازہ خبر کے مطابق حیدرآباد کے ایک اسٹار ہوٹل میں منعقد پروگرام میں جہاں ریاست کے گورنر مدعو تھے میں ایک شخص پکڑا گیا جس کے بیگ میں 8 مختلف نیشنل ٹی وی چینلز کے مائیک موجود تھے۔ بے شک اس سے وہ کچھ مالی فائدہ تو ضرور حاصل کررہا ہوگا۔ اس شخص نے اپنی دانست میں یہ سوچا ہوگا کہ نیشنل چینلز پر بیٹھ کر لوگ جھوٹی خبرین، گمراہ کن پروگرامز پیش کرکے لاکھوں کما رہے ہیں تو کیوں میں پکوڑے تلنے کے جھنجھٹ بھرے کام کو روزگار کا ذریعہ بنانے کی بجائے کیوں نہ چند ٹی وی چینلز کے جعلی مائیکس تیار کرکے آسانی سے پیسہ کماؤں اور موج کروں…!!
کے این واصف۔ ریاض
…………………………
ترو تازہ …!!
ایک راہگیر : کیا آپ اسی شہر کے باسی ہیں !
دوسرا راہگیر : غصے سے ! باسی ہوگا تو ، تیرا باپ میں تو بالکل تر و تازہ ہوں …!!
خورشید جہاں بیگم ۔ عادل آباد
…………………………
آپ بھی …!!
بیوی : ہماری پڑوسن ہر مہینے اپنے شوہر کے ساتھ گھومنے جاتی ہے …!!
شوہر : تو پھر …!؟
بیوی : تو آپ بھی کبھی لے جایا کریں نا …!
شوہر : میں نے تین چار بار کہا ہے پر وہ مانتی ہی نہیں ہے …!؟
اختر عبدالجلیل نازؔ۔ محبوب نگر
…………………………
آکر لے جائے …!!
٭ ایک شخص اپنے گھر کی بلی سے تنگ آگیا اور اسے کہیں چھوڑ آیا ۔ گھر آیا تو بلی اس سے پہلے پہنچ گئی…!
وہ بلی کو پھر کہیں دور چھوڑ آیا اور گھر فون کرکے پوچھا بلی گھر پہنچ گئی کیا ۔
بیوی نے کہا : ہاں …! پہنچ گئی …!!
اُس شخص نے کہا : ’’اُس بے غیرت سے سے بولو مجھے آکر لے جائے ، میں گھر کا راستہ بھول گیا ہوں …!!
سید شمس الدین مغربی ۔ ریڈہلز
…………………………