شیوسینا کی دھمکی کے بعد اداکارہ کنگنا کی رہائش گاہ پر سیکورٹی سخت

,

   

ممبئی : پولیس نے ممبئی میں کنگنا رناوت کی رہائش گاہ پر سیکورٹی سخت کر دی ہے۔ شیوسینا کی دھمکی کے بعد ممبئی پولیس کو شیوسینکوں کے کنگنا کے خلاف احتجاج اور تشدد کا خطرہ لاحق ہے۔ ممبئی شہر میں نظم و نسق کی برقراری کیلئے ممبئی پولیس نے فلم انڈسٹری میں اداکارہ کنگنا رناوت کے حامیوں پر بھی نظر رکھنی شروع کردی ہے۔ اس کے علاوہ فلم انڈسٹری سے وابستگان کے سوشل میڈیا اکاونٹ سمیت دیگر ذرائع پر بھی سائبر سیل نگرانی رکھ رہا ہے۔ متنازع مشمولات کو حذف کرنے کے ساتھ اشتعال انگیزی پر کارروائی کا بھی انتباہ ممبئی پولیس نے دیاہے۔کنگنا رناوت کے حال ہی میں تنقید آمیز ٹویٹ نے شیوسینکوں کو مشتعل کر دیا ہے اور اب 9 ستمبر کو کنگنا نے ممبئی آنے کا فیصلہ کیا ہے، ایسی صورتحال میں کنگنا رناوت پر حملہ یا اس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شدت پر بھی پولیس کی نظر ہے۔ کنگنا کے معاملہ میں بی جے پی اور شیوسینا اب آمنے سامنے آگئی ہے۔ دونوں ہی پارٹیوں نے سشانت سنگھ معاملہ میں ایک دوسرے کو گھیرنا شروع کردیا ہے۔