حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 21 نومبر کو حیدرآباد کا دورہ کریں گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق نئی دہلی سے حیدرآباد کے بیگم پیٹ ایئرپورٹ پر فضائیہ کے خصوصی طیارہ سے آمد کے فوری بعد دروپدی مرمو راج بھون روانہ ہوں گی جہاں ایک خصوصی تقریب میں شرکت کریں گی۔ ہر سال سرمائی سیزن میں صدر جمہوریہ جنوبی ہند میں قیام کے تحت حیدرآباد کا دورہ کرتی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اس مرتبہ دو دن قیام کریں گی۔ حکام کی جانب سے صدر جمہوریہ کے دورہ کے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ دروپدی مرمو بھارت کلا مہااتسوم پروگرام میں حصہ لیں گیں جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے فنکار شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ صدر جمہوریہ 22 نومبر کو آندھرا پردیش کے پٹاپرتی روانہ ہوں گی جہاں ستیہ سائی بابا ٹرسٹ کے پروگرام میں شریک ہوں گی۔ صدر جمہوریہ کی آمد کے پیش نظر وسیع تر حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ 1