صدر ریسلنگ فیڈریشن برج بھوشان کی گرفتاری کا مطالبہ

   

خاتون ریسلرز کی جنسی ہراسانی کا الزام، پہلوانوں کا دہلی میںپھر احتجاج

نئی دہلی : ہندوستانی پہلوانوں نے دوبارہ نئی دلی میں احتجاج پھرشروع کر دیا ہے اور نامور پہلوانوں کا کہنا ہے کہ ریسلنگ فیڈریشن کے چیف کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔ میڈیا کے مطابق احتجاج کرنے والوں میں خاتون پہلوان بھی شامل ہیں، احتجاج کرنے والے پہلوانوں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی سنوائی اور مطالبات پورے ہونے تک کھانا پینا سونا احتجاج میں ہو گا۔ میڈیا کے مطابق ونیش پھوگت ، بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک جیسے نامور پہلوانوں کی سربراہی میں رواں برس جنوری میں بھی احتجاج ہوا تھا، ٹاپ ہندوستانی ریسلرز نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے چیف اور دوسرے ٹرینرز پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا اور انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ حکومت معاملے کی تحقیقات کرے گی اور ایکشن لے گی جبکہ رپورٹ کو بھی پبلک کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب پھر مردو خواتین پہلوان سینٹرل دلی میں احتجاج کر رہے ہیں، احتجاج کرنے والوں میں شامل 7 خواتین پہلوانوں نے پولیس اسٹیشن میں تازہ درخواست جمع کرائی ہے جس میں فیڈریشن چیف برج بھوشان شرن سنگھ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا گیا ہے۔ پہلوان ساکشی ملک نے تحقیقاتی رپورٹ کو پبلک نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کیا جبکہ احتجاج کرنے والے دیگر پہلوانوں کا کہنا ہے کہ خواتین ریسلرز کے ریکارڈ کیے گئے بیانات پر مشتمل رپورٹ جاری کی جائے، یہ حساس معاملہ ہے ایک کم عمر لڑکی بھی شامل ہے اس لیے نام ظاہر نہ کیے جائیں۔ پہلوان بجرنگ پونیا کا کہنا ہے کہ جب تک برج بھوشان کو گرفتار نہیں کیا جاتا احتجاج جاری رہے گا۔