واشنگٹن ۔26 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی جج کیتانجی جیکسن نے ریمارکس کیئے کہ صدر بادشاہ نہیں، انتظامیہ کے سربراہ سمیت کوئی بھی شخص قانون سے بالا تر نہیں۔یہ ریمارکس امریکی اپیلز کورٹ کی جج نے وائٹ ہاؤس کے سابق کونسل ڈان میک گن کو ایوانِ نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیشی سے متعلق کیس میں دیئے۔انہوں نے کہا کہ صدر کے مشیروں کو مواخذے کی تحقیقات کیلئے کانگریس کمیٹیوں کی طرف سے بلائے جانے پر پیش ہونا ہوگا۔ امریکی صدر کے مواخذے کی تحقیقات کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔جج نے کہا کہ کانگریس کو صدر کے مشیروں سے پوچھنے کا اختیار ہے اور اس کا اطلاق موجودہ عہدیداروں پر بھی ہوتا ہے۔ ٹرمپ امریکہ کی حالیہ تاریخ کے تیسرے صدر بن گئے ہیں جنہیں مواخذے کی سماعت کا سامنا ہے۔