حیدرآباد ۔ 12 نومبر (سیاست نیوز) آئندہ سال شہر میں منعقد ہونے والی کل ہند صنعتی نمائش میں جس کا افتتاح نمائش میدان، نامپلی پر یکم ؍ جنوری 2023 کو ہوگا۔ اسٹال لگانے والوں کو اس سال زیادہ کرایہ ادا کرنا ہوگا۔ نیز نمائش میں داخلہ کیلئے ٹکٹ کی قیمت میں بھی 10 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس طرح اب نمائش میں داخلہ کیلئے وزیٹرس کو 40 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ کل ہند صنعتی نمائش سوسائٹی کے نائب صدر اشوین مارگم نے بتایا کہ ’’جی ایچ ایم سی کی جانب سے جائیداد ٹیکس میں کئے جارہے بے تحاشہ اضافہ اور جی ایس ٹی اور دیگر اخراجات کے باعث آل انڈیا انڈسٹریئل ایگزیبیشن سوسائٹی اسٹال کرایہ اور داخلہ ٹکٹ میں اضافہ کرنے پر مجبور ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2500 اسٹالس الاٹ کریں گے اور کہا کہ اس کیلئے ملک بھر کے ٹریڈرس کی جانب سے کافی مانگ ہے۔ کشمیر سے کنیاکماری تک کے ٹریڈرس اس نمائش میں اسٹالس لگانا چاہتے ہیں۔ آئندہ سال نمائش میں اسٹالس لگانے کیلئے اضافہ شدہ کرایہ 10,000 اور 5000 روپئے کے درمیان ہوگا اور اسٹالس پہلے آنے والوں کو پہلے موقع کی اساس پر الاٹ کئے جائیں گے۔