صومالیہ اور ایتھوپیا کا تنازعہ حل‘ ترکیہ کی ایک اور کامیابی

   

موغادیشو ؍ عدیس ابابا : ترکیہ کی ثالثی میں قرن افریقہ کے2 پڑوسی صومالیہ اور ایتھوپیااپنے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے مشترکہ اعلامیہ پر متفق ہو گئے۔ صدر رجب طیب اردغان نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک انقرہ میں ان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے اختتام پرایک معاہدہ پر پہنچ گئے ہیں۔ یہ معاہدہ ایک تاریخی قدم ہوگا جو قرن افریقہ کے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی کو ختم کرے گا۔ انقرہ میں صومالی صدر حسن شیخ محمود اور ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اردغان نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تاریخی معاہدہ موغادیشو اور ادیس ابابا کے درمیان امن اور تعاون پر مبنی ایک نئی شروعات کی طرف پہلا قدم ہو گا۔ ترکیہ کی طرف سے شائع کردہ معاہدہ کے متن کے مطابق فریقین نے اختلافات اور متنازعہ مسائل کو ترک کرنے اور خوشحالی کی طرف مشترکہ تعاون کو مضبوطی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ متن کے مطابق دونوں ممالک نے تجارتی اور دوطرفہ معاہدوں کی منظوری کے لیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا جو ایتھوپیا کو وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خود مختار اتھارٹی کے تحت سمندر تک قابل اعتماد، محفوظ اور پائیدار رسائی کی ضمانت دے گا۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک فروری کے اختتام سے پہلے تکنیکی بات چیت کا آغاز کریں گے جو زیادہ سے زیادہ 4ماہ تک جاری رہے گی۔ اس چیت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعہ دور کرنا ہے۔ اس حوالے سے جہاں انہیں ضرورت پڑی تو ترکیہ ان کی مدد کرے گا۔