ضلع کانگریس صدور کو لوک سبھا چناؤ کی تیاریوں کی ہدایت

   

اتم کمار ریڈی کا ٹیلی کانفرنس سے خطاب، ای وی ایم مشینوں کی بہتر نگرانی کی تیاریاں
حیدرآباد ۔ 12۔ فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں۔ ضلع کانگریس صدور اور منڈل سطح کے پارٹی قائدین سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک لوک سبھا انتخابات کا اعلامیہ جاری ہوسکتا ہے ۔ پارٹی قائدین و کارکنوں کو چاہئے کہ وہ وقت ضائع کئے بغیر ابھی سے تیاریوں کا آغاز کردیں۔ لوک سبھا ٹکٹ کے امیدواروں کے ناموں کی 14 فروری تک فہرست روانہ کردی جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ امیدواروں کیلئے ضلع کانگریس صدر کی سفارش ضروری ہے اور ضلع کانگریس صدور 14 فروری تک درخواستیں پردیش کانگریس کمیٹی کو روانہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے تجربات کو پیش نظر رکھتے ہوئے قائدین کو کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔ امیدواروں کے اعلان کے سلسلہ میں کانگریس ہائی کمان جاریہ ماہ کے اواخر تک فیصلہ کرسکتا ہے تاکہ انتخابی مہم کیلئے مناسب وقت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ 15 فروری سے لوک سبھا حلقوں کی سطح پر جائزہ اجلاسوں کا گاندھی بھون میں آغاز ہوگا۔ 15 فروری کو اے آئی سی سی سکریٹری سرینواسن کی صدارت میں عادل آباد ، کریم نگر ، پدا پلی ، نظام آباد ، ظہیر آباد اور ورنگل لوک سبھا حلقوں کا جائزہ اجلاس ہوگا۔ 16 فروری کو اے آئی سی سی سکریٹری سلیم احمد کی صدارت میں ناگر کرنول ، محبوب نگر ، نلگنڈہ ، بھونگیر ، محبوب آباد اور کھمم لوک سبھا حلقوں کے جائزہ اجلاس ہوں گے ۔ 17 فروری کو سکریٹری اے آئی سی سی بوس راجو میدک ، حیدرآباد ، چیوڑلہ ، ملکاجگیری اور سکندرآباد لوک سبھا حلقوں کے قائدین کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان سے 22 لاکھ رائے دہندوں کے نام خارج کردیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے پارٹی ایجنٹس کو فہرست رائے دہندگان کے بارے میں مکمل شعور ہونا چاہئے ۔ انہوں نے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی کہ 15 فروری تک بوتھ ایجنٹس کا تقرر عمل میں لائیں اور ان کی فہرست پردیش کانگریس کو روانہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے والے امیدوار پارلیمنٹ حلقہ کے انچارج ہوں گے۔ اتم کمار ریڈی نے ای وی ایم مشینوں کی مناسب نگرانی اور کسی بھی بے قاعدگی کو روکنے کیلئے چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشینوں کی جانچ کیلئے پارٹی کی جانب سے تیار کردہ مینول کی نقل تمام ضلع کمیٹیوں کو روانہ کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات راہول گاندھی اور نریندر مودی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ تمام قائدین کو راہول گاندھی کو وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کے مقصد سے کام کرنا چاہئے ۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں مذہبی سیاست کو ہوا دے رہی ہے اور اقلیتوں کو مختلف انداز میں ہراساں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اقلیتیں حالیہ واقعات کے سبب عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے ملک کی ترقی ٹھپ ہوچکی ہے ۔ ہر شخص کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کرنے کے وعدہ کو فراموش کردیا گیا ۔ بیروزگاری کے خاتمہ میں عدم سنجیدگی کے باعث ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے ۔ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن دو لاکھ روزگار بھی فراہم نہیں کئے گئے ۔ اتم کمار ریڈی نے زرعی شعبہ کی ابتر صورتحال کا ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد راہول گاندھی کسانوں کیلئے نئی اسکیمات کا آغاز کرسکتے ہیں۔ کسانوں سے راہول گاندھی نے قرض کی معافی کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کیا جائے گا ۔ ٹیلی کانفرنس کے موقع پر اے آئی سی سی سکریٹریز سلیم احمد، بوس راجو اور سرینواسن موجود تھے۔