جی نرنجن اور فیروز خاں نے عوام سے ملاقات کی، 28 فروری تک ناموں کی شمولیت کی سہولت
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) ریاست میں طبقاتی سروے کے دوسرے مرحلہ میں عوام کی شمولیت کیلئے صدرنشین تلنگانہ بی سی کمیشن جی نرنجن نے نامپلی اسمبلی حلقہ کے مہدی پٹنم ڈیویژن کا دورہ کرتے ہوئے تین گھنٹوں تک گھر گھر پہنچ کر عوام سے ملاقات کی۔ نامپلی انچارج اور جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد فیروز خاں کے ہمراہ جی نرنجن نے عوام سے طبقاتی سروے کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ ایسے خاندان جنہوں نے طبقاتی سروے کے پہلے مرحلہ میں حصہ نہیں لیا انہیں حکومت نے 28 فروری تک کی سہولت فراہم کی ہے۔ جی نرنجن اور فیروز خاں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ مہدی پٹنم ڈیویژن میں طبقاتی سروے 90 فیصد سے زائد مکمل ہوچکا ہے۔ سروے میں حصہ لینے سے محروم خاندانوں نے ٹول فری نمبر یا پھر وارڈ آفس پہنچ کر تفصیلات درج کرانے سے اتفاق کیا ہے۔ عوام نے بی سی کمیشن کی جانب سے شعور بیداری مہم پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سرکاری اسکیمات پر عمل آوری اور ان میں حصہ داری کیلئے طبقاتی سروے کے اعداد و شمار مددگار ثابت ہوں گے۔ جی نرنجن اور فیروز خاں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے سماجی انصاف کی فراہمی کیلئے طبقاتی سروے کا اہتمام کیا ہے۔ سروے پہلے مرحلہ میں 96 فیصد مکمل کرلیا گیا جبکہ باقی 4 فیصد خاندانوں کیلئے دوسرے مرحلہ میں شمولیت کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے طبقاتی سروے کے ذریعہ ملک کو نئی روشنی دی ہے۔ نرنجن نے کہا کہ پسماندہ طبقات کمیشن نے مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے طبقاتی سروے پر عمل آوری کا نہ صرف جائزہ لیا بلکہ عوام کو باشعور بنانے کی کوشش کی ہے۔ 1