طوفان سے جانی و مالی نقصانات سے بچاؤ کیلئے چیف منسٹر کی ہدایت

   

چیف سکریٹری و ڈی جی پی سے بات چیت، ہر ضلع میں کنٹرول روم کیلئے چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد۔27 ۔ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری ، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ گلاب طوفان کے زیر اثر بارش سے متاثرہ اضلاع میں جانی و مالی نقصانات سے بچاؤ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر جو ان دنوں دہلی کے دورہ پر ہے، چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈی جی پی مہیندر ریڈی سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ طوفان کے سبب جن اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، وہاں ذخائر آب پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سطح آب میں اضافہ سے اطراف کے علاقہ متاثر نہ ہوں۔ چیف منسٹر نے نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے عہدیداروں کو تیار رہنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ محسوس ہو کہ ذخائر آب مکمل ہوچکے ہیں تو اطراف کے دیہاتوں سے عوام کا تخلیہ احتیاطی طورپر کرکے محفوظ مقامات منتقل کیا جائے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے زیر اثر آئندہ دو دنوں تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آئندہ دو دنوں تک تمام اضلاع میں سخت چوکسی اختیار کی جائے اور متعلقہ محکمہ جات بہتر تال میل کے ذریعہ کام کریں۔ پولیس ، ریونیو اور دیگر محکمہ جات کو چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ، ضرورت پڑنے پر این ڈی آر ایف کی مدد حاصل کی جائے ۔ چیف منسٹر کے جائزہ اجلاس کے بعد چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام ضلع کلکٹرس سے ٹیلی کانفرنس کی اور ہر ضلع میں کنٹرول روم کے قیام کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول رومس 24 گھنٹے کارکرد رہنا چاہئے اور وہاں اعلیٰ عہدیداروں کو متعین کیا جائے۔ حیدرآباد ، کتہ گوڑم اور ورنگل میں ضرورت پڑنے پر بچاؤ و راحت کاموں میں این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ چیف سکریٹری نے نشیبی علاقوں ، تالابوں اور بریجس کے اطراف چوکسی کا مشورہ دیا۔ ڈی جی پی مہیندر ریڈی نے پولیس کمشنرس اور سپرنٹنڈنٹس آف پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کلکٹرس کے ساتھ تال میل برقرار رکھیں تاکہ بچاؤ اقدامات میں مدد ملے۔ ڈی جی پی نے تمام ضلع کمشنرس اور ایس پیز کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اسپیشل چیف سکریٹری آر اینڈ بی سنیل شرما ، پنچایت راج سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ اور دیگر شریک تھے ۔ ر