عادل آباد میں چیتہ کو برقی رو سے ہلاک کرنے والے 5 افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔/11ڈسمبر، ( پی ٹی آئی) عادل آباد میں ایک چیتہ کو مبینہ طور پر برقی رو کے ذریعہ ہلاک کرنے کے بعد اس کے ڈھانچہ کو جلانے کے الزام کے تحت چہارشنبہ کو 5 افراد گرفتار کرلئے گئے۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پرعہدیداروں کی ٹیم بازار ہتنور منڈل کے عمردہ بی موضع پہنچی تھی جہاں منگل کے روز چیتہ کا پنجہ رکھنے والے ایک شخص کو پکڑا گیا تھا جس نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا تھا کہ ایک کھیت میں اس جانور کو پکڑنے کیلئے دیگر چھ افراد کی مدد سے اس نے ایک برقی تار بچھا دیا تھا جس کی زد میں آنے کے بعد یہ چیتہ فوت ہوگیا ۔ملزم نے چیتہ کی ہلاکت کے بعد اپنی گرفتاری کے اندیشہ سے خوفزدہ ہوکر اس کے ڈھانچہ کو جلا دیا تاہم چیتہ کے دانت اور ناخن نکال کر اپنے پاس رکھ لیا تھا ۔ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے دیگر پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ مزید دو افراد کی تلاش جاری ہے جو مفرور بتائے گئے ہیں۔پولیس نے کہا کہ اس واقعہ کا علم منگل کی صبح ہوا ۔