نامپلی ایریا ہاسپٹل میںایک عازم کو دل کا دورہ پڑگیا ۔ تین دواخانوں میں پولیس طلب کرلی گئی
حیدرآباد۔23۔ مئی۔ (سیاست نیوز) گورنمنٹ ایریا ہاسپٹل نامپلی میں ٹیکہ اندازی کے منتظر عازم حج کو قطار میں دل کا دورہ پڑنے کے سبب انہیں فوری عثمانیہ دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کی فراہم کی گئی ۔ تلنگانہ حج کمیٹی و محکمہ صحت کے اشتراک سے شہر حیدرآباد کے 4 سرکاری دواخانوں میں عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا تھا جہاں نامناسب انتظامات اور عازمین کے ہجوم کے سبب بدنظمی پھیل گئی اور سینکڑوں عازمین کو آج بھی ٹیکہ اندازی نہیں کی جاسکی اور نہ ان کا روایتی معائنہ کیا جاسکا ۔نامپلی ایریا ہاسپٹل کے علاوہ ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل میں عازمین کے اژدہام کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت اور دواخانہ انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا جبکہ حج کمیٹی کی جانب سے جن مقامات پر ٹیکہ اندازی کے انتظامات میں کئے گئے تھے وہاں غیرموثر انتظامات کے سبب بدنظمی پیدا ہوئی ۔ سابق میں حج کمیٹی آئی پی ایم سے ٹیکہ حاصل کرکے حج ہاؤز میں ٹیکہ اندازی کا انتظام کرتی تھی اس کے علاوہ اسریٰ دواخانہ میں عازمین کی ٹیکہ اندازی کا انتظام کیا جاتا تھا لیکن اس بار تبدیلیوں کے سبب عازمین حج میں برہمی پائی جا رہی ہے کیونکہ گذشتہ یوم ٹیکہ اندازی کے افتتاح کے نام پر بغیر کسی منصوبہ کے تحت تمام عازمین کو حج ہاؤز پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی لیکن بیشتر عازمین کو دن بھر انتظار کے باوجود ٹیکہ اندازی نہیں کی گئی اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ آج حج ہاؤز کے علاوہ شہر کے 4 دواخانوں نامپلی ایریا ہاسپٹل ‘ کنگ کوٹھی دواخانہ ‘ ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل و خیریت آباد ایریا ہاسپٹل میں ٹیکہ اندازی اور صداقت نامہ صحت کیلئے پہونچیںجو عازمین ٹیکہ اندازی کیلئے حج ہاؤز پہنچے انہیں وہاں سہولت نہ ہونے کے سبب واپس کردیا گیا اور سرکاری دواخانوں جو انتظامات کئے گئے تھے وہ انتہائی ناقص ہونے کے سبب ملک پیٹ ایریا ہاسپٹل ‘ نامپلی ایریا ہاسپٹل اور کنگ کوٹھی ایریا ہاسپٹل میں پولیس کو طلب کرنا پڑا کیونکہ حج کمیٹی نے کسی طرح کی منصوبہ بندی کے بغیر عازمین کو ٹیکہ اندازی کیلئے پہنچنے احکام جاری کردیئے جبکہ اگر حج کمیٹی حسب سابق کور نمبر کے اعتبار و تاریخ کے تعین کے ساتھ عازمین کی ٹیکہ اندازی کے منصوبہ کا اعلان کرتی تو یہ ہنگامہ آرائی نہ ہوتی اور اس مرتبہ محکمہ صحت کا تعاون حاصل ہونے کے نتیجہ میں عازمین کے کور نمبر کے اعتبار سے انہیں مختلف دواخانوں میں معائنہ اور ٹیکہ اندازی کیلئے الاٹ کیا جاتا تو اس طرح کی بدنظمی کا سامنا کرنا نہیں پڑتا۔ حج کمیٹی عہدیداروں کا کہناہے کہ کمیٹی سے روایتی طریقہ کار اختیار کئے جانے کی صورت میں ہنگامہ آرائی سے محفوظ رہا جاسکتا تھا اور محکمہ صحت اگر حسب سابق حج ہاؤز پر ہی طویل مدتی ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز کرتا تو یہ صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔