عازمین حج کو ہفتہ تک پہلی قسط کی ادائیگی کی مہلت

   

حیدرآباد۔ 13 فروری (سیاست نیوز) حج 2020ء کے منتخب عازمین حج کے لیے سفری اخراجات کی رقم دو اقساط میں ادا کرنے کا شیڈول حج کمیٹی آف انڈیا نے جاری کیا ہے۔ تلنگانہ سے 4341 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا۔ حج کمیٹی نے ابتدائی دو اقساط کی رقم طے کردی ہے جبکہ باقی رقم کا تعین فضائی کرائے کو قطعیت دینے کے بعد کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مسیح اللہ خان و ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ کے مطابق تلنگانہ کیلئے 4341 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا اور 70 سال کے محفوظ زمرے اور بغیر محرم خواتین کے محفوظ زمرے میں 472 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آیا اور 3869 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کی گئی۔ منتخب عازمین 15 فروری تک 81 ہزار روپئے پہلی قسط کے طور پر ادا کرسکتے ہیں جبکہ 15 مارچ تک انہیں ایک لاکھ 20 ہزار روپئے ادا کرنے ہونگے۔ عازمین چاہیں تو ابتدائی دو اقساط بیک وقت ادا کرسکتے ہیں۔ دو اقساط کی ادائیگی و متعلقہ حج کمیٹیوں کو پاسپورٹ و دستاویزات داخل کرنے طے کی گئی تواریخ کی پابندی ضروری ہے بصورت دیگر نشست منسوخ کردی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو حج درخواست فارم کی ہارڈ کاپی، پاسپورٹ سائیز فوٹو، انٹرنیشنل پاسپورٹ اور اسکانر زیراکس حج درخواست فارم میں درج کردہ پتے کے پروف، اقساط کی ادائیگی سے متعلق پیمنٹ کی رسید، فٹنس سرٹیفکیٹ اور کورہیڈ کی بینک تفصیلات داخل کرنی ہوگی۔ حج کمیٹی کے تربیتی کلاسس کا عنقریب آغاز ہوگا۔