عازمین حج کیلئے پاسپورٹ اجرائی اور تجدید کا عمل جلد مکمل کیا جائے

   

پاسپورٹ دفاتر کو وزارت خارجہ کی ہدایت
حیدرآباد۔14۔ فروری (سیاست نیوز) وزارت خارجہ نے ملک کے تمام پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی ہے کہ حج 2023 ء میں فریضہ حج کی ادائیگی کے خواہشمند افراد کی درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کرتے ہوئے نئے پاسپورٹس جاری کریں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے وزارت خارجہ سے اس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ جوائنٹ سکریٹری وزارت خارجہ اور چیف پاسپورٹ آفیسر نے سرکولر جاری کرتے ہوئے تمام پاسپورٹس دفاتر کو حج 2023 ء کے شیڈول سے واقف کرایا۔ سرکولر میں کہا گیا ہے کہ حج 2023 ء کیلئے آن لائین درخواستوں کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے اور ہندوستان کیلئے 175025 کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ گزشتہ سال صرف ایسے عازمین کو حج کی اجازت دی گئی جن کے پاس مشین سے پڑھا جانے والا ہندوستانی پاسپورٹ ہو۔ حج 2023 ء کے لئے بڑے پیمانہ پر درخواستوں کے حصول کا امکان ہے جس کے لئے نئے پاسپورٹس یا پاسپورٹس کی تجدید کے لئے رجوع ہوسکتے ہیں۔ تمام پاسپورٹ دفاتر کو ہدایت دی گئی ہے کہ عازمین حج کی پاسپورٹ سے متعلق درخواستوں کی ترجیحی بنیادوں پر یکسوئی کرتے ہوئے بروقت اجرائی کو یقینی بنائیں۔ درکار دستاویزات کی جانچ اور پولیس ویریفکیشن کا کام جلد مکمل کیا جائے گا ۔ عازمین حج کی درخواستوں کی یکسوئی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس کھولنے اور نوڈل آفیسر کے تقرر کی ہدیت دی گئی ۔ ایسے درخواست گزاروں کیلئے اپائنمنٹ سلاڈ جلد منظور کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔ وزارت خارجہ کی ہدایت کے بعد عازمین حج کی پاسپورٹ سے متعلق درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کی راہ ہموار ہوگی۔ر