داخلی مشاور ت میں مختلف آراء معمول کا حصہ ، الیکشن کمیشن کی وضاحت
نئی دہلی، 25 ستمبر (ایجنسیز) الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) سے متعلق جاری احکامات پر پیدا تنازعہ کے درمیان وضاحت کی ہے کہ بہار سمیت دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں SIR کے احکامات کمیشن کے تینوں ارکان کی متفقہ منظوری سے جاری کئے گئے۔ کمیشن کے ذرائع کے مطابق بہار کے لیے 24 جون 2025 ء کا SIR حکم، اس کے بعد 27 اکتوبر 2025 ء کو 12 ریاستوں و مرکز کے زیرانتظام علاقوں اور 14 مئی 2026 ء کو 19 ریاستوں و مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے لیے جاری احکامات بھی متفقہ منظوری کے ساتھ جاری ہوئے۔ کمیشن نے کہا کہ Form-6 یا Form-8 کے ساتھ اضافی Declaration Form (Annexure-D) داخل کرنے والے درخواست گزاروں سے مزید دستاویزات طلب نہیں کی جائیں گی۔ یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دو الیکشن کمشنروں کی جانب سے SIR سمیت بعض معاملات پر داخلی اعتراضات کی اطلاعات آشکار ہوئی ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ داخلی مشاورت میں مختلف آراء معمول کا حصہ ہیں، تاہم حتمی فیصلے متفقہ طور پر کئے گئے۔