وزیر صحت ہریش راؤ حج ہاؤز میں افتتاح کریں گے ، اضلاع کے سرکاری دفاتر میں ٹیکہ اندازی کا انتظام
حیدرآباد۔18۔مئی (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ 22 مئی کو حج ہاؤز نامپلی میں عازمین حج کیلئے ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کیمپ کا افتتاح کریں گے ۔ حج 2023 ء کے منتخب عازمین کیلئے حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم نے بتایا کہ حج ہاؤز نامپلی میں 22 مئی کو صبح 11 بجے ٹیکہ اندازی کیمپ کا افتتاح عمل میں آئے گا جس میں وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور ، وزیر داخلہ محمد محمود علی اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں اسی دن ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ کیمپس سرکاری دواخانوں میں منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت سعودی عرب نے عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی اور ہیلت اسکریننگ سرٹیفکٹ کو لازمی قرار دیا ہے۔ ہر ضلع میں سرکاری ہاسپٹل میں یہ سہولت دستیاب رہے گی اور ضلع سے تعلق رکھنے والے حج کمیٹی کے ارکان کیمپ کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔ محمد سلیم نے بتایا کہ چینائی سے ٹیکہ اندازی کی دوائی حیدرآباد منتقل کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں بعض سرکاری دواخانوں کی نشاندہی کی گئی جہاں میڈیکل اسکریننگ اور ٹیکہ اندازی کا اہتمام رہے گا۔ ان ہاسپٹلس میں عثمانیہ ، گاندھی ، ملک پیٹ ، نامپلی ، کنگ کوٹھی اور خیریت آباد ہاسپٹلس شامل ہیں۔ کمشنر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر نے ہر ضلع میں محکمہ صحت کے عہدیداروں کے ساتھ کیمپ کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ اسی دوران تلنگانہ کے منتخب عازمین حج 19 مئی تک سفری اخراجات کی آخری قسط ادا کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے منتخب عازمین سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ کووڈ ویکسین سرٹیفکٹ حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرائیں۔ر