عالمی وباء کورونا کے پیش نظر مسلمان آئندہ ایک ماہ تک اپنے گھروں میں ہی عبادت کریں: آئی ایم پی اے آر

,

   

نئی دہلی: انڈین مسلمس فار پروگریس اینڈ ریفارمس (آئی ایم پی اے آر) نے ملک کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائر س کے پیش نظر آئندہ ایک ماہ تک اپنے گھروں میں ہی عبادات انجام دیں۔ مارچ میں لاک ڈاؤن کے بعد سے مساجد کو مقفل کردیا گیا تھا۔ مسلمان اپنے گھروں میں ہی نمازیں اور دیگر عبادتیں کررہے تھے۔ اسی دورن رمضان کا مہینہ بھی آیا اور مسلمانوں نے مساجد کا رخ نہیں کیا بلکہ اپنے گھروں میں ہی نمازیں ادا کیں۔ یہاں تک کہ نماز عید کیلئے بھی مسلمان مساجد نہیں گئے۔ جب 8 جون سے لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کیا گیا۔ اسی سلسلہ میں مساجد کو بھی کھول دیا گیا۔

مسلمان مساجد میں عبادت کیلئے پہنچنے لگے۔ اس کے بعدسے کورونا وائرس کے واقعات میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ آئی ایم پی اے آر نے اپیل کی ہے کہ سماجی فاصلہ کی سختی سے پابندی کریں اور عبادتیں اپنے گھروں میں کریں۔ آئی ایم پی اے آر نے جامع مسجد دہلی کے شاہی امام کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا جو انہوں نے جامع مسجد کو 30 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم پی اے آر نے شاہی امام سے گذارش کی کہ ملک کی دیگر مساجد کو بھی اس طرح کا اقدام کرنے کی تلقین کریں۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ مساجد میں نماز کے موقع پر سماجی فاصلہ کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر آئی ایم پی اے آر نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ایک شخص کی جان بچائی تو گویا ا س نے پوری انسانیت کی جان بچائی۔ آئی ایم پی اے آر نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ایک اچھے مسلمان اور ایک اچھے شہری بنیں۔