حیدرآباد 17 ستمبر ( سیاست نیوز ) عثمانیہ یونیورسٹی کے کنٹراکٹ ٹیچرس نے آج ایک احتجاج منعقد کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی میں ایمپلائمنٹ بانڈ سسٹم کو ختم کیا جائے جو حال ہی میں متعارف کروایا گیا ہے ۔ کنٹراکٹ اساتذہ نے یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سوشیل سائینس سے لیڈیز ہاسٹل تک ریلی کا اہتمام کیا ۔ بعد ازاں یہ ٹیچرس لیڈیز ہاسٹل کے روبرو دھرنا پر بیٹھ گئے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اساتذہ نے ریاستی حکومت سے اس مسئلہ میں مداخلت کی اپیل کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر وائس چانسلر کو برخواست کرے جنہوں نے ایمپلائمنٹ بانڈ سسٹم متعارف کروایا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر و ورکنگ صدر او یو کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس اسوسی ایشن ڈاکٹر اے پرشو رام اور ڈاکٹر دھرما تیجا نے کہا کہ وائس چانسلر کی جانب سے اس طرح کا سسٹم متعارف کروایا جانا ظالمانہ اقدام ہے ۔ اس سے دستبرداری اختیار کی جانی چاہئے ۔