بغداد : عراق کے وسطی صوبے صلاح الدین میں ہفتہ کوایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک ہی خاندان کے تین چرواہے ہلاک ہوگئے ۔ صوبائی پولیس کے ذرائع نے یہ اطلاع دی۔کرنل محمد البازی نے ژنہوا کو بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چرواہے اپنی بھیڑوں کو صوبے کے شمالی حصے میں العیث قصبے کے قریب جنگلاتی علاقے میں لے جا رہے تھے ۔البازی نے کہا کہ عراقی سیکیورٹی فورسز جائے وقوعہ پر پہنچی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی، انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کا خیال ہے کہ بم شدت پسند اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے انتہا پسندوں نے نصب کیا تھا۔صوبائی دارالحکومت تکریت سے تقریباً 60 کلومیٹر مشرق میں واقع العیث علاقہ ایک وسیع ریگستان ہے ، جہاں چرواہے آباد ہیں اور اسے آئی ایس کے انتہا پسند اپنے گوریلا حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں۔آئی ایس کی 2017 میں شکست کے بعد عراق میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔