صنعاء : یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے جمعہ کو علی الصباح صنعاء کے مغرب میں ایک ٹھکانے کو تباہ کر دیا۔ اس ٹھکانے میں ڈرون طیاروں کو کنٹرول کرنے کا آپریشنز روم بھی واقع تھا۔اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فضائی حملے شہریوں کے تحفظ کے لیے مطلوب عسکری کارروائیوں کے تحت کیے جا رہے ہیں۔میڈیا کے ذرائع نے پیر کی صبح بتایا تھا کہ عرب اتحاد نے دارالحکومت کے شمال میں فضائی حملے کیے ہیں۔بیان کے مطابق ڈرون طیاروں کے کنٹرول کیلئے فرنٹ کمیونی کیشن اسٹیشنز چلانے کے واسطے استعمال کیے جانے والے رابطہ نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ شہریوں سے مطالبہ کیا گیا ہیکہ وہ ان مقامات سے دور چلے جائیں۔واضح رہے کہ ایران نواز حوثیوں نے حالیہ عرصے میں ڈرون طیاروں کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ اس دوران میں یمن میں شہری ٹھکانوں اور علاقوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔