عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ساتھ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کا اجلاس
حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے عرس درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کے انتظامات کے سلسلہ میں مقامی عوامی نمائندوں اور بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔16 تا 18 جنوری عرس کی سہ روزہ تقاریب کا انعقاد عمل میں آئے گا جس میں ریاست اور بیرون ریاست کے ہزاروں زائرین شرکت کریں گے۔ محمد سلیم نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ عرس کے موقع پر زائرین کی سہولت کے لیے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح بورڈ کی جانب سے عرس کے موقع پر مختلف انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے اور تعمیری اور صفائی کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ تمام متعلقہ محکمہ جات کو انتظامات کے سلسلہ میں مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی، پینے کے پانی اور صفائی کے انتظامات کے علاوہ زائرین کی سہولت کے لیے موبائل باتھ رومس دستیاب رہیں گے۔ درگاہ اور مسجد کی آہک پاشی اور کلرنگ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مختلف علاقوں سے عرس کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ تلنگانہ کی مشہور درگاہ ہے جہاں لاکھوں کی تعداد میں زائرین حاضر ہوتے ہیں۔ انہوں نے درگاہ کے ترقیاتی منصوبے کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے ترقیاتی منصوبے کو قطعیت دے دی ہے۔ 50 کروڑ سے زائد کے خرچ سے مختلف ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی اراضی کے علاوہ متصل سرکاری اراضی حاصل کی گئی تاکہ توسیعی کام انجام دیا جاسکے۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں کی ایک ٹیم روانہ کی گئی ہے جو انتظامات کی نگرانی کرے گی۔ مقامی رکن اسمبلی سے ربط قائم کرتے ہوئے اسٹریٹ لائٹس اور دیگر کاموں کی جانب توجہ مبذول کرائی گئی ہے۔ پانی کی قلت سے نمٹنے کے لیے دو واٹر ٹینکس تعمیر کئے گئے۔ جائزہ اجلاس میں مقامی زیڈ پی ٹی سی رکن ایس ستیہ نارائنا، ٹی آر ایس کے منڈل پریسیڈنٹ ٹی یادگیری، میناریٹی پریسیڈنٹ سید رشید، ٹی آر ایس قائد گوپال نائک اور وقف بورڈ کے عہدیدار موجود تھے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر درگاہ جہانگیر پیراں کے عقیدتمند ہیں، تلنگانہ تحریک کے دوران اور ریاست کی تشکیل کے بعد انہوں نے درگاہ شریف میں حاضری دی تھی۔