ٹریفک پولیس کی پشت پناہی ، عوام کو مشکلات
حیدرآباد ۔11جنوری ( سیاست نیوز) ٹریفک جام کے مسئلہ پر پشیان عوام کیلئے اب سڑکوں پر چلنا مشکل ہوگیا ہے ۔ فٹ پاتھ پر کاروبار کرنے والے ٹھیلہ بنڈی رانوںکے علاوہ اب آٹو میں ترکاری و میوہ فروخت کرنے والے بھی سڑکوں پر قابض ہوگئے ہیں ۔ ان دنوں راجندر نگر حدود کے عطا پور میں سڑک پر چلنا مشکل ہوگیا ۔ ان غیر مجاز کاروباریوں کے سبب چار لائن کی سڑک دو لائین کی سڑک میں بدل گئی ہے اور آئے دن حادثات پیش آنے لگے ہیں ۔ عطاپور پلر نمبر 123سے پلر نمبر 186 تک فٹ پاتھ کاروباری سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔ افسوس کے ان پر قابو پانے والی ٹریفک پولیس غفلت میں پڑی ہوئی ہے بلکہ ٹریفک پولیس پر ان کاروباریوں کی مشتبہ پشت پناہی کے الزامات پائے جاتے ہیں ۔عوام کو اس راستہ سے گزرنے کیلئے بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بارہا توجہ دہانی اور شکایتو ں کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا جاتا ۔ چار لائن پر مشتمل یہ سڑک اب دو لائین والی سڑک میں تبدیل ہوچکی ہے اور اس راستہ سے گزرنے کیلئے عوام کو کافی وقت درکار ہورہا ہے ۔اس وسیع سڑک کو فٹ پاتھ اور غیر مجاز کاروباریوں نے تنگ کردیا ہے اور ٹریفک پولیس کی خاموشی معنی خیز اور پولیس پر پائے جانے والے الزامات کو درست ثابت کرنے کے مترادف ثابت ہورہی ہے ۔ فٹ پاتھ سے قبضوں کو برخواست کرنے اور غیر مجاز پارکنگ پر روک لگانے کیلئے ٹریفک پولیس کے دعویٰ کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں اور سڑک پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔ ٹریفک پولیس کو چاہیئے کہ وہ ناجائز قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے غیر مجاز انداز میں جاری کاروباری سرگرمیوں پر روک لگاتے ہوئے سڑک پر ٹریفک بہاؤ کو آسان بنانے کے اقدامات کریں ۔ ع