تہران ؍ ریاض: ایران نے خلیجی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے تجربہ کار سفارت کار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا ہے۔ایران کی میڈیا نے اطلاع دی ہیکہ علی رضا عنایتی الریاض میں نئے سفیر ہوں گے۔ وہ اس سے قبل 2014ء سے 2019ء تک کویت میں تہران کے سفیر رہے تھے۔سفیر کے عہدے پر تعینات ہونے سے قبل وہ ایران کی وزارتِ خارجہ میں خلیجی امور کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔2019ء میں انھیں دوبارہ اس عہدہ پرفائز کیا گیا تھا اور وہ تب سے اسی عہدہ پر کام کررہے ہیں۔سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سات سال کے بعد دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس ضمن میں ان کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ طے پایا تھا۔اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں اور شہروں میں اپنے اپنے سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے اور 20 سال قبل دستخط شدہ سکیورٹی اور اقتصادی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد پراتفاق کیا تھا۔ سعودی عرب نے 2016ء میں تہران میں اپنے سفارتخانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔رواں ماہ کے اوائل میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بتایاتھا کہ سعودی عرب نے تہران میں اپنے نئے سفیرکا تقرر کردیا ہے اور ایران بھی جلد الریاض میں اپنا نیا سفیر متعارف کرادے گا۔