پدیاترا کے چوتھے دن عوامی جوش و خروش، مختلف شعبہ جات کے نمائندوں سے ملاقات اور جلسہ سے خطاب
حیدرآباد 9 فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا آج چوتھے دن بھی جاری رہی۔ ریونت ریڈی نے آج ملگ ضلع کے ڈورناکل اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا اور جگہ جگہ عوام سے ملاقات کی۔ پدیاترا میں کارکنوں اور عوام کی شمولیت میں دن بدن اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ ماڈل اسکول کے ملازمین کے مسائل کی سماعت کی اور کانگریس برسر اقتدار آنے پر ترقی، پی آر سی اور سرکاری ملازمین کی طرح ڈی اے کا تیقن دیا۔ ملازمین نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ماہ کی پہلی تاریخ کے بجائے 15 تاریخ کو تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں۔ اُنھوں نے پدیاترا کے راستہ میں کسانوں اور خواتین کے علاوہ اسکولی طلبہ سے ملاقات کی۔ ریونت ریڈی نے پردیش کانگریس کمیٹی کے سوشل میڈیا کوآرڈی نیٹر سندھو شنکر کی قیامگاہ پہونچ کر پسماندگان کو پرسہ دیا۔ سندھو شنکر جن کا حال ہی میں دیہانت ہوا، اُنھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ محبوب آباد ضلع کے نرسمہلو پیٹ منڈل سے تعلق رکھنے والے ولیج ریونیو اسسٹنٹس نے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور پے اسکیل اور پرموشن کے مسائل اسمبلی میں پیش کرنے کی درخواست کی۔ 2017 ء سے وی آر ایز کو پے اسکیل نہیں دیا گیا۔ جولائی 2022 ء میں احتجاجی ولیج ریونیو اسسٹنٹس کو منوگوڑ چناؤ کے بعد پے اسکیل دینے کا کے ٹی آر نے وعدہ کیا تھا۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکٹرسٹی ایمپلائز یونین کے قائدین نے بھی ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ ناگارم گاؤں میں ریونت ریڈی نے کسانوں سے ملاقات کی اور زرعی شعبہ کو برقی کی سربراہی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ یلم پیٹ تانڈہ میں مقامی معذور شخص کے مکان پہونچ کر ملاقات کی۔ 21 سالہ بالو چلنے سے قاصر ہے اور حکومت کی جانب سے کوئی مدد نہیں کی گئی۔ ریونت ریڈی نے اپنی جانب سے 10 ہزار روپئے کی امداد دی اور کلکٹر سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی سطح پر امداد کا تیقن دیا۔ انھوں نے یلم پیٹ میں حکومت کی جانب سے تعمیر کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات کا معائنہ کیا۔ 50 فیصد سے زائد مکانات نامکمل ہیں۔ کنٹراکٹر کی لاپرواہی کے نتیجہ میں مکانات کی تعمیر ادھوری ہے۔ پدیاترا کے راستہ میں جگہ جگہ ریونت ریڈی کا استقبال کیا گیا۔ ریونت ریڈی سے اقامتی اسکول کے طلبہ ٹیچرس نے ملاقات کی۔ کئی طلبہ نے ریونت ریڈی کے ساتھ پدیاترا میں کچھ فاصلہ طے کیا۔ اُنھوں نے شام میں ڈورنکل میں جلسہ عام سے خطاب کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ ڈورنکل میں 14 اسمبلی انتخابات میں 12 مرتبہ کانگریس کو کامیابی ملی ہے۔ تلنگانہ میں راکشس اقتدار کو ختم کرنے کے لئے کانگریس عوام کے درمیان ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رکن اسمبلی ریڈیا نائک نے عوام کی بھلائی اور علاقہ کی ترقی کو نظرانداز کردیا ہے۔ کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اُن کی تکمیل میں ناکام ہوچکے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ سماج کا ہر طبقہ کے سی آر حکومت سے ناراض ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پرگتی بھون میں عوام کو داخلہ کی اجازت نہیں ہے حالانکہ عوامی رقومات سے اِسے تعمیر کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے دوہرایا کہ عوام کے داخلہ سے محروم پرگتی بھون کے گیٹ عوامی مدد سے توڑ دیئے جائیں گے۔ مَیں مقدمات سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ حکومت چاہے جتنے مقدمات درج کرے میں اپنی پدیاترا جاری رکھوں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں عوامی مسائل کا حل کے سی آر کے اقتدار کے خاتمہ سے ہوگا۔ ر