ٹریفک چالانات کو معاف کرنے پر زور، اسمبلی میں قائد مقننہ مجلس کا خطاب
حیدرآباد۔12فروری(سیاست نیوز) عوام مہنگائی کے سبب معاشی مسائل کا شکار ہیں اور ان کے اخراجات میں ہونے والے اضافہ کے اس دور میں ریاستی حکومت کو ٹریفک چالانات معاف کرتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی نے ایوان اسمبلی میں مطالبات زر پر جاری مباحث میں حصہ لیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مہنگائی کے اس دور میں چالانات کو معاف کرے۔ انہو ںنے بتایا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہاہے اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں بیشتر تمام اشیاء مہنگی ہونے لگی ہیں۔ انہو ںنے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہرحیدرآباد میں ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے اقدامات کے بجائے کسی کونے میں بیٹھ کر چالانات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک چالانات کی معافی کے متعلق ہمدردانہ غور کریں۔ جناب اکبر الدین اویسی نے کہاکہ شہر کی مصروف ترین سڑکوں پر بھی گھر سے نکلتے ہی ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ٹریفک پولیس چالانات میں مصروف ہے ۔ انہو ںنے گیاس ‘ پٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ کے اثرات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول کے لئے بھی اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ریاست میں لسانی کمیشن میں اردو کو نمائندگی کے علاوہ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن میں مسلم نمائندے کی شمولیت کو یقینی بنانے کے اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ اکبر الدین اویسی نے ریاست میں کئے جانے والے تمام تقررات میں 4فیصد تحفظات کویقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمہ جات میں تقررات میں کسی بھی طرح کی ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قائد ایوان مقننہ مجلس نے حکومت کی جانب سے ملازمتوں کی فراہمی کے لئے منعقد کئے جانے والے تمام امتحانات کو اردو زبان میں منعقد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان اسمبلی میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ تمام امتحانات اردو زبان میں بھی منعقد کئے جائیں گے اعلان پر من و عن عمل آوری کی جائے ۔ انہو ںنے بستی دواخانوں کی تعداد میں اضافہ اور پرانے شہر میں موجود سرکاری دواخانوں میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کے اقدامات کا بھی مطالبہ کیا۔م