اٹلی میں تعلیم کیلئے ایک لاکھ روپئے کی مدد، فرزند کے نام سے فاؤنڈیشن کے ذریعہ فلاحی سرگرمیاں
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے مستحق خاندانوں کی امداد کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ایک غریب خاندان کی لڑکی کو اٹلی میں اعلیٰ تعلیم کیلئے مالی امداد فراہم کی ہے۔ اٹلی کی نامور یونیورسٹی کے آرکیٹکچر کنسٹرکشن کورس میں داخلہ کیلئے سی ایچ پرانوی کو مالی مدد کی ضرورت تھی۔ اس طالبہ نے مختلف اداروں سے تعلیمی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے فرزند کے نام سے موجود فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع ملنے پر پرانوی نے ریاستی وزیر سے ربط قائم کیا۔ اس طالبہ کی دشواری کو فوری حل کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے انہیں ایک لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی اور تعلیم جاری رکھنے کیلئے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ غریب خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی مالی مدد کرتے ہوئے وہ ان کے تابناک مستقبل کو یقینی بنانے کی مساعی کررہے ہیں۔ انہیں اس غریب خاندان کی دشواریوں کے بارے میں جیسے ہی اطلاع ملی وینکٹ ریڈی نے والدین اور طالبہ کو اپنی قیامگاہ طلب کیا۔ وینکٹ ریڈی نے اپنے فرزند کومٹ ریڈی پرتیک ریڈی فاؤنڈیشن کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے کی مالی مدد فراہم کی۔ طالبہ اور ان کے افراد خاندان نے ریاستی وزیر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ اپنی دختر کی اعلیٰ تعلیم کے سلسلہ میں فکر مند تھے۔ ریاستی وزیر کی بروقت امداد سے پرانوی اٹلی کی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرپائے گی۔ پرانوی نے اپنے پیام میں ریاستی وزیر سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ پرتیک ریڈی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں سے واقفیت کے بعد ہی امداد کیلئے رجوع ہوئیں۔1