غزہ میں اسرائیلی فائرنگ ،6 فلسطینی جاں بحق

,

   

غزہ، 18 نومبر (یواین آئی) غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور حملوں میں 6 سالہ بچے سمیت کم از کم چھ فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق غزہ کی شہری دفاع کے حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ۔شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے منگل کو غزہ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے ۔ ان میں ایک 21 سالہ نوجوان اور چھ سالہ بچہ بھی شامل ہیں، جو دیر البلاح میں جاں بحق ہوئے ۔ ناصر ہسپتال نے جنوبی غزہ میں دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے ، جبکہ ہسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کا نام الیاس النعمان تھا۔شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ شمالی غزہ میں الشفاء ہسپتال کے قریب ڈرون حملے میں دو افراد جاں بحق ہوئے ۔ جنوبی غزہ میں بھی ایک شخص بمباری اور دوسرا فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہوا۔اسرائیلی فوج نے واقعے پر فوری تبصرہ کرنے کے بجائے کہا کہ وہ معاملے کا جائزہ لے رہی ہے ۔ فوجی ترجمان کے مطابق اسے مبینہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا علم ہے ، تاہم چھ سالہ بچے کی موت کے حالات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔واضح رہے کہ 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے باوجود غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
خبر کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔