یہودی آباد کاری اور اراضی پر قبضہ کے خلاف احتجاج میں شدت
غزہ ۔ 26 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مشرقی رفح میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ غزہ میں ہفتہ وار حق واپسی مظاہروں میں شریک تھے ۔ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا ۔ فلسطینی شہری یہودی آباد کاری اور اراضی ہتھیانے کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق غزہ کی پٹی پر ہزاروں فلسطینی جمعہ احتجاجی مہم کے دوران اسرائیلی سرحد کے قریب احتجاج کررہے تھے کہ سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمعیل ہانیہ بھی مظاہرین میں شامل ہوگئے ۔ مظاہرین کی جانب سے سینکڑوں ٹائر اور اسرائیلی جھنڈے جلائے گئے ۔ اس دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ اور آنسو گیس کے گولوں کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید اور 22 مظاہرین زخمی بھی ہوئے جن میں بچے اور امدادی کارکن بھی شامل ہیں ۔ غزہ پٹی میں 30 مارچ 2018 سے شروع ہونے والی جمعہ احتجاجی مہم کے دوران 260 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔۔
نظرانداز تارکین وطن کو پوپ کی تائید
پناماسٹی 26 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پوپ فرانسیس نے جمعہ کے دن مجرموں اور معاشرے کے گناہ گاروں کو نظرانداز کرنے پر تنقید کرتے ہوئے تارکین وطن کا دفاع کیا۔ وہ پناما سٹی میں لاکھوں نوجوان کیتھولک عیسائیوں سے خطاب کررہے تھے۔ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کے امریکہ ۔ میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے پوپ نے کہاکہ یہ ہر تارک وطن کو دھمکی دینے کے مترادف ہے۔
اُنھوں نے اختتامی کلمات میں حضرت عیسیٰؑ کے مصلوب ہونے کا ذکر کیا۔