احمدآباد کی مسجد انتظامیہ کا فرقہ پرستوں کو منہ توڑ جواب ،ویڈیو وائرل
حیدرآباد : 4 فبروری ( سیاست نیوز ) ملک میں آئے دن فرقہ وارانہ تنظیموں کی جانب سے نفرت کے ماحول کو عام کرنے کی سرگرمیوں کے دوران گجرات کے احمدآباد کی ایک مسجد کے انتظامیہ نے بھائی چارہ اور ہندو مسلم اتحاد کی مثال قائم کی ہے ۔ سوشل میڈیا میں ان دنوں ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں گجرات کے احمدآباد کی ایک مقامی مسجد سے غیر مسلم افراد بالخصوص خواتین کو پانی حاصل کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ علاقہ میں پانی کی قلت کو دیکھتے ہوئے مقامی مسجد کے انتظامیہ نے مسجد کے دروازے کھول دیئے اور مقامی ہندو خاندانوں کو بھی پانی حاصل کرن کا موقع فراہم کیا ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہندو خواتین مسجد کے احاطہ سے پانی حاصل کررہی ہیں ۔ بلدی حکام کی جانب سے برقی سربراہی میں رکاوٹ کے موقع پر مسجد انتظامیہ نے فراخدلی اور انسانی ہمدردی کا بہترین نمونہ پیش کیا ۔ ویڈیو میں مسجد انتظامیہ کے ارکان کو اپنی نگرانی میں پانی سربراہ کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے ۔ ویڈیو وائرل ہوتے ہی سماج کے ہر گوشے سے بھرپور ستائش کی جارہی ہے ۔ ایسے وقت جبکہ ملک کے کسی نہ کسی حصہ میں روزانہ مسلمانوں کے خلاف نفرت کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں ، ایسے میں احمدآباد کی ایک مسجد سے غیر مسلم خاندانوں کو پانی کی سربراہی کے ذریعہ فرقہ پرستوں کے منہ پر طمانچہ رسید کیا گیا ہے ۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہر کوئی ویڈیو کو آگے بڑھاتے ہوئے مسجد کمیٹی کے جذبہ کی ستائش کررہا ہے ۔ 1