حیدرآباد4اکٹوبر(سیاست نیوز) وزرا ہی قوانین کی خلاف ورزی کریں تو عوام یا دیگر قائدین سے کس طرح سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ جی ایچ ایم سی قوانین کی پابندی کریں ! سال گذشتہ کئی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین کو غیر مجاز ہورڈنگس اور بیانرس لگانے پر جی ایچ ایم سی نے چالان کیا تھا تاہم ان وزراء اور قائدین غیر مجاز ہوڈنگس اور بیانرس کی تنصیب کا عمل پھر شروع کرچکے ہیں جو شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے کا سبب ہے ۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو کے خلاف جی ایچ ایم سی کے شعبہ ای وی ڈی ایم نے دو چلانات کئے ہیں کیونکہ انہوں نے غیر مجاز ہورڈنگس نصب کئے ہیں ۔ ای وی ڈی ایم نے 25 ہزار کے چالانات کئے ۔ چالانات کے باوجود خود وزراء کی جانب سے غیر مجاز ہورڈنگس نصب کیا جانا ان کی من مانی اور خود کو قانون سے بالاتر تصور کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ بلدیہ نے میں غیر مجاز ہورڈنگس اور بیانرس کی تنصیب پر پابندی عائد کرکے شہر کی خوبصورتی کو متاثر کرنے کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سرینواس یادو نے جو ہورڈنگس نصب کئے ان پر چیف منسٹر کے سی آر ‘ کے ٹی راما راؤ ‘ ہریش راؤ کے علاوہ کے کویتا اور دیگر کی تصاویر ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی نے غیر مجاز ہورڈنگس اور بیانرس کے خلاف آئندہ تین یوم میںشدت کے ساتھ مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔