تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات، اینٹی کرپشن بیورو کو حلفنامہ دا خل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ کی عدم گرفتاری سے متعلق احکامات میں 31 جنوری تک توسیع کرکے بی آر ایس قائد کو راحت دی ہے۔ کے ٹی آر نے فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو سے دائر کردہ مقدمہ کو کالعدم قرار دینے کی درخواست دائر کی۔ ہائی کورٹ میں آج درخواست کی سماعت ہوئی اور اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کیا گیا ۔ اینٹی کرپشن بیورو کے وکیل نے کے ٹی آر کی عدم گرفتاری کے احکامات منسوخ کرنے کی اپیل کی۔ فریقین کی سماعت کے بعد عدالت نے احکامات میں 31 ڈسمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت اسی دن مقرر کی ہے۔ پولیس کو 31 ڈسمبر تک کے ٹی آر کی گرفتاری سے روک دیا گیا ہے ۔ عدالت نے اینٹی کرپشن بیورو سے کہا کہ تحقیقات کے سلسلہ میں آئندہ سماعت یعنی 31 ڈسمبر تک کے ٹی آر کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جائے۔ سابق میں ہائی کورٹ نے 30 ڈسمبر تک گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آج سماعت مقرر کی تھی۔ کے ٹی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیاسی انتقامی کارروائی کے تحت ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن بیورو کو تفصیلات کے ساتھ حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت 31 ڈسمبر مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ فارمولہ ای ریس معاملہ میں قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خانگی کمپنی کو 55 کروڑ کی اجرائی کے سلسلہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ میں کے ٹی آر کو A1 ملزم کے طور پر شامل کیا گیا جبکہ اس وقت کے اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کو A2 ملزم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو نے موجودہ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق دانا کشور کا بیان قلمبند کیا اور دستاویزی ثبوت حاصل کیا ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کے ٹی آر اور اروند کمار کو جلد نوٹس کی اجرائی کا امکان ہے۔ مقدمہ میں ایچ ایم ڈی اے کے چیف انجنیئر بی ایل این ریڈی کو A3 بنایا گیا اور فارمولہ اے ریسنگ کی خانگی کمپنی کو بھی ماخوذ کیا گیا ہے۔ کے ٹی آر کے خلاف اینٹی کرپشن کے مقدمہ کے بعد بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے وکلاء سے مشاورت کرتے ہوئے قانونی رائے حاصل کی ہے۔ 1