چیف منسٹر کو قاسم چندر شیکھر رضوی قرار دینے کی مذمت کی ، بی جے پی قائدین کو گوڈسے کے وارث قرار دیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر کو قاسم چندر شیکھر راؤ رضوی قرار دینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے زبان سنبھال کر استعمال کرنے کا مشورہ دیا ۔ بصورت دیگر زبان کاٹ دینے کا انتباہ دیا ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے وارثوں کو چیف منسٹر کے سی آر کے بارے میں بات کرنے کا اخلاقی حق بھی نہیں ہے ۔ ترقی اور فلاح و بہبود کے معاملے میں تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست ہے ۔ تلنگانہ میں جن اسکیمات پر عمل آوری ہورہی ہے وہ ملک کے کسی بھی بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں اس طرح کی اسکیمات نہیں ہے ۔ ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل نے کہا کہ ترقی اور اپنے 9 سالہ مرکزی حکومت کی کارکردگی پر عوام کے درمیان پہونچکر ووٹ مانگنے کے بجائے بی جے پی ملک میں نفرت کے ماحول کو فروغ دیتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ تلنگانہ میں بھی اسی فلسفہ پر عمل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے پدیاترا کرنے والے بنڈی سنجے اپنی اوقات سے کافی اوپر اُٹھ کر چیف منسٹر کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کررہے ہیں ۔ جس کو ٹی آر ایس کے کارکن ہرگز برداشت نہیں کریں گے بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے ۔ تلنگانہ میں لا اینڈ آرڈر کو نقصان پہونچانے والوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا ۔۔ ن