دہلی اور مہاراشٹرا سرفہرست، الیکٹرک موبیلیٹی انڈیکس 2025 کی اجرائی
حیدرآباد۔ یکم اکتوبر (سیاست نیوز) ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ سرکاری سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کیلئے عوام کو مختلف مراعات کی پیشکش کی گئی جس کے نتیجہ میں گزشتہ دو برسوں میں الیکٹرک گاڑ یوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں 2025 کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے سلسلہ میں سروے کیا گیا جس میں ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کا مظاہرہ مختلف رہا ہے۔ الیکٹرک گا ڑیوں کی رسائی اور ترقی کا عشاریہ (الیکٹرک موبیلیٹی انڈیکس) کا تعین کیا گیا جس میں دہلی 84 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہے ۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں مہاراشٹرا 78 نشانات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ چندی گڑھ اور کرناٹک کو علی الترتیب تیسرا اور چوتھا مقام حاصل ہوا ہے اور انڈیکس کے تحت ان کے نشانات 73 اور 71 طئے کئے گئے۔ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی ترجیحات میں ریاستوں کا مظاہرہ مختلف رہا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے سرکاری سطح پر جس مہم کا آغاز کیا گیا ، اس کے تحت مرکزی حکومت نے ٹرانسپورٹ محکمہ کے ذریعہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے حق میں شعور بیداری مہم شروع کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کار تیار کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر فروخت کیلئے پیش کیا جارہا ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے معاملہ میں جن دیگر ریاستوں کا مظاہرہ بہتر رہا، ان میں ٹاملناڈو ، اڈیشہ ، مدھیہ پردیش، آندھراپردیش ، تلنگانہ ، اترپردیش ، ہریانہ ، راجستھان اور چھتیس گڑھ شامل ہیں۔ ماہرین کا دعویٰ ہے کہ آنے والے برسوں میں ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں مزید اضافہ ہوگا کیونکہ حکومت کی جانب سے اہم شہروں اور قومی شاہراہوں پر چارجنگ سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں۔1/k/m/b