فلسطینی حکومت مستعفی

   

راملہ (فلسطینی سرحد) ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی حکومت نے سرکاری طور پر اپنا استعفیٰ صدر محمود عباس کو پیش کردیا۔ منگل کوجاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی تاہم حکومت اس وقت تک اپنے فرائض انجام دیتی رہیگی جب تک نئی حکومت تشکیل نہیں ہوجاتی۔ دریں اثناء سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہیکہ تازہ ترین صورتحال سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ محمود عباس اس طرح اپنا موقف مزید مستحکم کرتے ہوئے سیاسی حریف حماس کو مزید یکا و تنہا کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح اب فلسطینی سیاست میں ہوئی دس سالہ پھوٹ مزید گہری ہوگئی۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا نے کابینی اجلاس کے بعد یہ اطلاع دی کہ وزیراعظم رامی حمداللہ نے منگل کو حکومت کا استعفیٰ محمود عباس کو پیش کردیا جس میں مزید کہا گیا ہیکہ عوام کی خدمت کا سلسلہ بدستور جاری رہیگا اور تمام امور کی ذمہ داریاں نئی حکومت کی تشکیل تک حسب معمول نبھائی جاتی رہیں گی۔