بڑوانی، 7 ستمبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش میں ضلع بڑوانی کے حساس قصبے سیندھوا میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے دوران فلسطینی پرچم لہرائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے ۔ اس سلسلے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگڑنے کے پیش نظر پولس نے ایک نوجوان کو گرفتار کیا ہے ۔ سیندھوا شہر تھانہ انچارج بی ایس بسین نے بتایا کہ ٹیگور بیڑی کے باشندے عرفان علی کو امن و امان کی صورتحال بگاڑنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا، جو کہ پیشے سے کاریگر ہے ۔
اسے ہفتہ کی شام ایس ڈی ایم آشیش کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں سے ایس ڈی ایم نے 5 لاکھ روپے کے مچلکے کی شرط پر اسے جیل بھیجنے کا حکم دیا۔ تھانہ انچارج کے مطابق جمعہ کی رات نکالے گئے جلوس میں عرفان علی فلسطین کا پرچم اٹھائے ہوئے تھا۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کے خدشے کے سبب اسے بی این ایس کی دفعہ 170 کے تحت گرفتار کیا گیا ہے ۔