فلموں میں ویلن کا کردار نبھانے والے اداکار سونوسود حقیقی زندگی کے ہیرو ثابت ہوئے

,

   

بیلوں کے متبادل کے طور پر کھیت میں ہل چلانے کے لیے بیٹیوں کو استعمال کرنے والے کسانوں کو ٹریکٹر پیش کیا
سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے لڑکیوں کی تعلیمی ذمہ داری قبول کی

حیدرآباد :۔ فلموں میں ویلن کا کردار نبھانے والے اداکار سونوسود حقیقی زندگی میں ہیرو ثابت ہوئے ۔ آندھرا پردیش کے ضلع چتور میں بیل نہ ہونے کی وجہ سے کھیتوں میں ہل چلانے کے لیے ایک کسان نے اپنی دو بیٹیوں کو استعمال کیا جس کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی ۔ جس سے سونوسود بہت زیادہ متاثر ہوئے پہلے تو سونوسود نے اس کسان کو دو بیل فراہم کرنے کا اعلان کیا اور پھر ٹوئیٹ کے ذریعہ بیل کے بجائے ٹریکٹر فراہم کرنے کا وعدہ کیا اور اندرون 12 گھنٹے ٹریکٹر کسان کے گھر پہونچ گیا ۔ سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو بھی سونوسود کے فوری ردعمل پر بہت زیادہ متاثر ہوئے انہوں نے دونوں لڑکیوں کی تعلیمی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ۔ ضلع چتور کے منڈل کیوی پلی کا دلت کسان مدنپلی میں ایک چھوٹی چائے کی دکان چلاتا ہے ۔ اس کی دو بیٹیاں وندنا انٹر اور چندنا دسویں کے امتحانات کامیاب کرچکی ہے ۔ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ناگیشور راؤ اپنے ارکان خاندان کے ساتھ آبائی گاؤں پہونچ گیا ۔ اس کسان کے پاس دو ایکڑ اراضی ہے ۔ موسم بارش کے پیش نظر اس نے کھیتی باڑی کا کام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بینج بونے کے لیے مزدور کو کرائے پر حاصل کرنے اس کے پاس پیسے نہیں تھے اور نہ ہی ذاتی بیل تھے ۔ ناگر کے لیے بھی 2 ہزار روپئے کرائے کے لیے نہیں تھے ۔ باپ کی تڑپ دیکھ کر دونوں بیٹیوں نے باپ کا سہارا بننے کا فیصلہ کیا ۔ لکڑیوں کے ذریعہ عارضی ناگر بناتے ہوئے دونوں لڑکیوں نے عارضی ناگر سے آگے بڑھتی رہی اور باپ ان کی مدد کرتا ہے ۔ پیچھے سے ان لڑکیوں کی ماں بینج ڈالتی رہی ۔ ان لڑکیوں نے اپنی محنت دوسروں کے لیے مثال بننے کی خاطر اس کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور سونوسود تک پہونچ گئی ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ آپ اپنی تعلیم جاری رکھیں کل تک بیل آپ کے گھر پہونچ جائیں گے ۔ پھر تھوڑی دیر کے بعد سونوسود نے ایک اور ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے خاندان کو بیل کی نہیں ٹریکٹر کی ضرورت ہے ۔ آج شام تک ٹریکٹر تمہارے کھیت میں رہے گا ۔ وعدے کے مطابق اتوار کی شام تک 8.5 لاکھ روپئے کی مالیتی کا سونالیکا ٹریکٹر کسان ناگیشور راؤ کے گھر پہونچ گیا ۔ بنگلور سے پہونچنے والے سونوسود کے نمائندے ورون کمار ریڈی ، شیشناتھ ریڈی ، ٹریکٹر ، زرعی اشیاء اور 5 ہزار روپئے کسان خاندان تک پہونچا دئیے اور دونوں لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے سونوسود کا پیغام پہونچایا ۔ سونوسود کے اس اقدام سے کسان کا خاندان جذبات سے بے قابو ہوگیا ۔ اپنی بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنے کا عہد کرتے ہوئے سونوسود سے اظہار تشکر کیا ۔ سابق چیف منسٹر و صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو نے غریب کسان کی بروقت مدد کرنے پر ٹیلی فون کرتے ہوئے سونوسود سے اظہار تشکر کیا اور لڑکیوں کے تعلیم کی ذمہ داری تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے قبول کرنے کا اعلان کیا ۔ نارا لوکیش نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے سونوسود سے اظہار تشکر کیا ۔۔