فلمی دنیا میں 48 سال مکمل ، چرنجیوی کا اظہار تشکر

   

حیدرآباد، 22 ستمبر (آئی اے این ایس) میگا اسٹار چرنجیوی نے فلمی دنیا میں اپنے 48 سال مکمل ہونے پر پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز، ساتھی فنکاروں، تکنیکی ماہرین اور مداحوں سے اظہارِ تشکرکیا ہے۔چرنجیوی نے ایک خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا، ’’22 ستمبر 1978کو شروع ہونے والامیرا فلمی سفر آج 48 برس مکمل کرچکا ہے۔ ان 48 برسوں میں میں نے بے شمارکردار ادا کیے، کئی کامیابیاں دیکھیں اور متعدد اعزازات اور ایوارڈز حاصل کیے۔انہوں نے کہا کہ اس طویل سفرکے دوران ہر اس پروڈیوسرکا شکرگزار ہوں جس نے ان پر اعتمادکیا اور مواقع فراہم کیے، ہر ڈائریکٹر کا جس نے ان کے اندر موجود اداکار کے نئے پہلو دریافت کیے، ان تمام اداکاروں اور تکنیکی ماہرین کا جنہوں نے ان کی فلموں کے لیے دن رات محنت کی۔اداکار نے کہا کہ آج وہ جس مقام پر ہیں، اس میں ان سب کی مشترکہ حمایت کا اہم کردار ہے۔ تاہم ان کے لیے ان تمام کامیابیوں سے بڑھ کر مداحوں کی محبت ہے اور تمام اعزازات سے زیادہ قیمتی وہ مقام ہے جو مداحوں نے انہیں اپنے دلوں میں دیا۔چرنجیوی نے کہا،ہر اس مداح کا تہہ دل سے شکریہ جس نے مجھے اپنے خاندان کا فرد سمجھا اور بے مثال محبت و شفقت سے نوازا۔ اس دن میں نے ’چرنجیوی‘ نام اپنایا تھا، آج آپ کی محبت نے اسے میری دائمی شناخت بنا دیا ہے۔ آپ کی محبت اور مداحی کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہوں گا۔