حیدرآباد۔/11 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) فلم اسٹار الوارجن فلم ’ پشپا 2 ‘ کے بینفٹ شو کے موقع پر بھگدڑ کے واقعہ کے سلسلہ میں پولیس مقدمہ کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے۔ حیدرآباد میں آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر میں 4 ڈسمبر کو فلم ’ پشپا2 ‘ کے بینفٹ شو کا اہتمام کیا گیا تھا اور فلم ایکٹر الو ارجن کے وہاں پہنچنے کے بعد شائقین میں بھگدڑ مچ گئی۔ ہزاروں کی تعداد میں موجود شائقین کی اس بھگدڑ میں ایک خاتون کی موت واقع ہوئی اور ان کے فرزند کو شدید زخم آئے۔ اس واقعہ کے سلسلہ میں پولیس نے الوارجن کے خلاف بی ایس ایس کی دفعات 105 اور 118 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ الوارجن کی آمد کے موقع پر احتیاطی تدابیر میں ناکامی پر تھیٹر کے انتظامیہ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی ہے۔ الو ارجن نے ان پر دائر کردہ مقدمہ کو کالعدم قراردینے کی ہائی کورٹ سے اپیل کرتے ہوئے درخواست دائر کی۔ توقع ہے کہ کل جمعرات کو درخواست کی سماعت ہوگی۔ واضح رہے کہ الوارجن نے متوفی خاتون کے پسماندگان کو 25 لاکھ روپئے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حکومت کی جانب سے آئندہ کسی بھی بینفٹ شو کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا۔1