فلم اسٹار الوارجن کی غیرذمہ داری سے متوفیہ کے بچہ کا برین ڈیتھ

   

فلم انڈسٹری والوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات نہیں کی
حیدرآباد ۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سندھیا تھیٹر کے واقعہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم اسٹار الواراجن کی غیرذمہ دار حرکت کی وجہ سے ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی اور اس کا بچہ 20 دن سے کوما میں ہے۔ فلم اسٹار سے مختلف شخصیتوں کے اظہار ہمدردی اور ان کے گھر پہنچتے ہوئے ان سے ملاقات کرنے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ کیا فلم اسٹار کی ٹانگ ٹوٹی ہے یا آنکھ پھوٹی ہے یا گردہ متاثر ہوا ہے؟ متاثرہ خاندان سے ہمدردی نہ دکھانے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ آئندہ سے بینفٹ شوز اور فلموں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ قانون اپنا کام کرے گا۔ مجلس کے قائد مقننہ اکبرالدین اویسی نے سندھیا تھیٹر واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کیا جس پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ واقعہ بدبختانہ ہے۔ پولیس نے تھیٹر پہنچنے کی الوارجن کو اجازت نہیں دی پھر بھی فلم اسٹار پہنچے بھگدڑ مچ گئی ایک خاتون کی موت واقع ہونے پر بھی الوارجن نے تھیٹر میں بیٹھکر فلم دیکھا۔ سندھیا تھیٹر کے انتظامیہ نے پولیس کو الوارجن تک پہنچنے نہیں دیا۔ ڈی سی پی کی جانب سے گرفتار کرنے کا انتباہ دینے پر تب الوارجن تھیٹر سے چلے گئے۔ 11 دن بعد پولیس جب الوارجن سے رجوع ہوئی تو پولیس کے ساتھ انہوں نے غلط برتاؤ کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ماں کے فوت ہوجانے کے بعد اس کے بچے کا برین ڈیڈ ہوجانے پر فلم انڈسٹری والوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات نہیں کی مگر فلم ہیرو کے گھر پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے اس کی مخالفت کی اور حکومت و پولیس کے خلاف شدید تنقیدیں کی ہیں۔ فلم انڈسٹری والے بزنس کرلیں مگر مراعات ہرگز نہیں دیئے جائیں گے۔ جب تک وہ چیف منسٹر ہے اس کی اجازت نہیں رہے گی۔ کسی کی بھی من مانی نہیں چلے گی۔ فلم انڈسٹری والوں کو اور سیاسی قائدین کو اپنی سماجی ذمہ داری نبھانا چاہئے۔ غیرذمہ دارانہ مظاہرہ کرنے والے کوئی بھی انہیں ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔ پولیس کی جانب سے اجازت نہیں دینے کے باوجود الوارجن تھیٹر پہنچے۔ روڈشو کا اہتمام کیا۔ باونسرس کی مدد سے دھکم پیل کرتے ہوئے تھیٹر پہنچے۔ اتنا سب کچھ ہونے کے باوجود الوارجن ہاسپٹل بھی نہیں پہنچے۔ ہیرو میں انسانی ہمدردی نظر نہیں آئی۔2