ممبئی ، 2 جون (ایجنسیز) شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کیلئے تیار ہوگئے ہیں اور ان کا نیا لُک انٹرنٹ پر تیزی سے و ائرل ہورہا ہے۔ شاہ رخ خان کا ’کنگ‘ کا لُک آن لائن ریلیز ہونے کے بعد مداح پُرجوش ہوگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک مختصر کلپ میں شاہ رخ خان کو سفید بنیان، سیاہ چشمہ اور سرمئی ٹوپی پہنے ہوئے دیکھا گیا۔ ان کے ہاتھوں پر ٹیٹوز بنے ہوئے ہیں اور کسرتی جسم فلم ’پٹھان‘ والے شاہ رخ خان کی یاد تازہ کررہا ہے۔ جہاں ایک طرف صارفین ان کے لُک کی تعریف کررہے ہیں، وہیں دوسری جانب لوگ ان کا موازنہ فلم ’وانٹیڈ‘ کے سلمان خان سے کررہے ہیں۔ اس دوران سوشل میڈیا صارفین میں بحث چھڑ گئی ہے کہ شاہ رخ اور سلمان میں سے بہتر اداکار کون ہیں۔ بیشتر صارفین نے شاہ رخ خان کی تعریف کی کہ وہ اپنی جسمانی ساخت کا بہت خیال رکھتے ہیں جبکہ سلمان خان ایک ہی لُک میں برسوں سے نظر آرہے ہیں۔ ایک مداح نے کہا کہ شاہ رخ خان ہر فلم کیلئے مختلف اور نیا لُک اپنا رہے ہیں مگر سلمان اس محاذ پر توجہ نہیں دیتے۔ اگر غور کریں تو احساس ہوگا کہ ’وانٹیڈ‘ کے بعد سے سلمان خان ایک ہی لُک میں اور ایک ہی جیسی فلمیں کررہے ہیں۔ سدھارتھ آنند کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’کنگ‘ ایک گینگسٹر ڈرامہ ہے جس میں شاہ رخ خان، سہانا خان، دپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، جے دیپ اہلاوت، جیکی شروف، اور ابھے ورما مرکزی کرداروں میں ہیں۔ یہ فلم 2026 میں ریلیز ہوگی۔