فوجی دستوں کی منتقلی اور تعیناتی کیلئے ہیلی کاپٹر کی عدم خدمات

   

محکمہ داخلہ سے درخواست مسترد، پرینکا چترویدی کا ردعمل

حیدرآباد۔17فروری(سیاست نیوز) حکومت کو اپنے فوجی دستوں کے تحفظ سے زیادہ اپنی تشہیر اور سیاست کی فکر لاحق ہے! حکومت ہند کی جانب سے گذشتہ 5برسوں کے دوران انتخابی تشہیر اور دیگر دوروں کیلئے لاکھوں بلکہ کروڑہا روپئے خصوصی طیاروں پر خرچ کئے گئے اور اس کے علاوہ پارٹی دفاتر کو عصری بنانے کیلئے لاکھوں روپئے خرچ کئے گئے لیکن سرحدوں کے محافظین کی منتقلی کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی دلچسپی کس حد تک ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے ماہ جنوری اور فروری 2019کے دوران افواج کی منتقلی کیلئے داخل کی گئی MI-17 ہیلی کاپٹرس کی درخواست کو مسترد کردیا۔ کانگریس کی قومی ترجمان مسز پرینکا چترویدی نے اپنے ایک ٹوئیٹ کے ذریعہ حکومت ہند کی جانب سے فوجی دستوں کی منتقلی اور تعیناتی کیلئے کشمیر میں 2ماہ کے لئے ہیلی کاپٹرس کو متعین کرنے کی درخواست کو مسترد کئے جانے کے مکتوب کی نقل کے ساتھ حکومت کے محکمہ داخلہ کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہند دراصل دکھاوا کر رہی ہے اور فوجی دستوں کی سہولت اور ان کے تحفظ کے سلسلہ میں انہیں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ کے ذریعہ حکومت سے استفسار کیا کہ کیوں بی ایس ایف جوانوں کی منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹرس کی فراہمی سے انکار کیا گیا اور کیوں اس درخواست کو مسترد کیا گیا !مسز پرینکا چترویدی نے کہا کہ ملک کے عوام حکومت ہند سے اس بات کا جواب چاہتے ہیں کہ بی ایس ایف کی جانب سے سے داخل کی گئی درخواست کو کیوں مسترد کیا گیا ؟انہوں نے جو مکتوب کی نقل ٹوئیٹ کی ہے اس میں وزارت داخلہ کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ موسم سرما کے دوران کشمیر کے مختلف مقامات پر موجود فوجی دستوں کی منتقلی کیلئے MI-17ہیلی کاپٹرس کی تعیناتی ممکن نہیں ہے اور بی ایس ایف کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہیلی کاپٹرس کی 2ماہ کیلئے تعیناتی کو فراموش کردیں جبکہ 7جنوری 2019 کو بی ایس ایف کی جانب سے یہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات کی خواہش کی گئی تھی کہ کشمیر میں موسم سرما کے دو ماہ جنوری اور فروی کے دوران فوجی دستوں کی منتقلی کیلئے ہیلی کاپٹرس کی تعیناتی عمل میں لائی جائے لیکن وزارت داخلہ نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے یہ احکام جاری کئے بی ایس ایف ضرورت پڑنے پر درخواست داخل کرے تاکہ ہر درخواست کا علحدہ جائزہ لیا جا سکے اور ان درخواستوں پر علحدہ علحدہ فیصلہ کیا جاسکے ۔قومی ترجمان کانگریس کی جانب سے کئے گئے ٹوئیٹ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی جے پی اپنی تشہیر پر کروڑہا روپئے خرچ کرنے تیار ہے لیکن ملک کی سرحدوں کے محافظین کیلئے ہیلی کاپٹرس کی تعیناتی کیلئے حکومت تیار نہیں ہے اور ایسا کیوں ہے اس کا جواب بھارتیہ جنتا پارٹی کو دینا چاہئے ۔