فٹبال میچ کے دوران بھگدڑ12 افراد ہلاک

   

نیویارک : ایل سیلواڈر کے شہر شان سیلواڈر میں ایک فٹبال میچ کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوگئے ۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اتوار کو پیش آئے سانحہ میں اسٹیڈیم میں ایک لیگ میچ جاری تھا جسے دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگوں نے ٹکٹس خرید رکھے تھے ۔ تاہم میچ شروع ہونے کے بعد بڑے گیٹس کو بند کردیا گیا جبکہ لوگوں کو چھوٹے گیٹوں سے داخل ہونے پر مجبور ہونا پڑا ۔ بڑا گیٹ نہ کھولنے پر بعض افراد مشتعل ہوگئے اور دھکم پیل میں بھگدڑ مچ گئی ۔ اس درمیان متعدد افراد لوگوں کے پیروں تلے کچلے گئے ۔ بعض افراد نے برسرموقع دم توڑدیا جبکہ دیگر زیرعلاج ہیں۔