بی آر ایس پر بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کا الزام ، مہیش کمار گوڑکی جیون ریڈی ، عامر علی خاں اور دیگر کے ساتھ میڈیا پوائنٹ پر خطاب
حیدرآباد۔20۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ایوان کی کاروائی بارہا ملتوی کئے جانے پر برہم کانگریس ارکان قانون ساز کونسل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی آ ر ایس اپنی بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کے لئے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ایوان کی کاروائی میں خلل پیدا کر رہی ہے۔ صدر پردیش کانگریس و رکن قانون ساز کونسل مسٹر مہیش کمار گوڑنے ارکان قانون ساز کونسل مسٹر ٹی جیون ریڈی ‘ جناب عامر علی خان‘ مسٹر تین مار ملنا ‘ مسٹر وینکٹ بالمور کے ہمراہ میڈیا پوائنٹ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی راما راؤ نے بہ حیثیت ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق اپنے عہدہ کا ناجائز طریقہ سے استعمال کرتے ہوئے بدعنوانیوں کے مرتکب ہوئے ہیں اور اگر عوامی حکومت کی جانب سے ان کی بدعنوانیوں کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے تو بی آر ایس اراکین قانون ساز کونسل اپنے قائد کو معصوم ثابت کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ مسٹر مہیش کمار گوڑنے ریاستی حکومت کی جانب سے کے ٹی آر کے خلاف کاروائی کے آغاز کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس ارکان کونسل ایوان میں کاروائی اور عوامی مسائل پر مباحث کے بجائے ایوان میں ہنگامہ آرائی کے ذریعہ وقت ضائع کر رہے ہیں۔ مسٹر ٹی جیون ریڈی نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے سابقہ حکومت کی بدعنوانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فارمولہ ۔ای ریس معاملہ میں ہونے والی بدعنوانیوں سے پردہ اٹھانے پر بی آر ایس اراکین قانون ساز کونسل تلملا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ ایوان میں ہنگامہ آرائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ان کا چہرہ پر پڑے نقاب اٹھ رہے ہیں اور عوامی مسائل کے لئے حل کے لئے مباحث کے بجائے ایوان کا وقت ان کی ہنگامہ آرائی کی نذر ہونے لگا ہے۔3