قبرستان سے متصل بیت الخلا کی تعمیر پر اصرار

   

رکن اسمبلی راجہ سنگھ کا دورہ ۔ بیگم بازار میں تجارتی ادارے جبرا بند
حیدرآباد : بیگم بازار فیل خانے میں مسلم قبرستان سے متصل سرکاری بیت الخلاء کا دوبارہ کام شروع کرنے بی جے پی اور دیگر سنگھ پریوار کارکنوں نے علاقہ میں ہنگامہ آرائی کی اور تجارتی ادارے جبراً بند کروائے ۔ چہارشنبہ کو بیت الخلاء کی تعمیر کا کام تکیہ کبیر الدین شاہ قبرستان سے متصل دیوار کے قریب شروع کیا گیا تھا جس پر مقامی عوام نے برہمی ظاہر کرکے احتجاج کیا ۔ متولی نے بھی سخت مخالفت کی اور وقف بورڈ کی مداخلت پر کام روک دیا گیا تھا ۔ بعض افراد کو پولیس نے کل احتیاطی گرفتارکرکے بعد ازاں رہا کردیا تھا ۔ لیکن بیت الخلاء کی تعمیر کے مسئلہ پر مقامی بی جے پی قائدین سرگرم ہوگئے اور علاقہ بیگم بازار میں احتجاج و ہنگامہ آرائی کی ۔ حلقہ گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ بھی وہاں پہونچ گئے اور بی جے پی کارکنوں کی حمایت لیتے ہوئے بیت الخلاء کی تعمیر کو فی الفور انجام دینے بلدی عہدیداروں سے رابطہ کیا ۔ تلنگانہ وقف بورڈ کی مداخلت کے نتیجہ میں کام عارضی طورپر روک دیا گیا لیکن باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مقامی بی جے پی قائدین اور دیگر افراد نے بیت الخلاء کی دوبارہ تعمیر کیلئے سابق میں ہائیکورٹ سے احکامات حاصل کئے اور ان کی آڑ میں راتوں رات بیت الخلاء کی تعمیر کردیئے جانے کا خدشہ ہے ۔ آج حالات کے پیش نظر علاقہ بیگم بازار میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی ہے اور تکیہ کبیر الدین شاہ قبرستان کے قریب پولیس پکٹ تعینات کردیا گیا ہے ۔